سدھاکر ریڈی ، کے روشیا ، کا فون پر ربط ، جانا ریڈی اور محمد علی شبیر کی ہاسپٹل میں عیادت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : گورنر ٹاملناڈو مسٹر کے روشیا اور سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری مسٹر ایس سدھاکر ریڈی نے ٹیلی فون پر ہاسپٹل میں زیر علاج صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا سے مزاج پرسی کی جب کہ قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی اور ڈپٹی فلور لیڈر کونسل مسٹر محمد علی شبیر کے علاوہ دوسرے قائدین نے ہاسپٹل پہونچکر عیادت کی ، واضح رہے کہ دو دن قبل کانگریس کی پدیاترا ریالی میں وہ پولیس کی دھکم پہل میں زخمی ہو کر نمس ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں ۔ کانگریس کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گورنر تاملناڈو مسٹر کے روشیا اور مسٹر ایس سدھاکر ریڈی نے ٹیلی فون پر مسٹر پنالہ لکشمیا سے رابطہ پیدا کیا ۔ مزاج پرسی کرتے ہوئے جلد از جلد صحت یاب ہوجانے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ کانگریس کے قائد مقننہ مسٹر کے جانا ریڈی فلور لیڈر کونسل مسٹر ڈی سرینواس ڈپٹی فلور لیڈر مسٹر محمد علی شبیر سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر جی ویویک کے علاوہ دوسرے قائدین نے ہاسپٹل پہونچکر عیادت کی بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے ۔ کانگریس کے قائدین نے سکریٹریٹ اور چیسٹ ہاسپٹل کی منتقلی کے خلاف گورنر کو یادداشت پیش کرنے کے لیے پرامن احتجاجی پدیاترا منظم کی تھی جس کو پولیس نے طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناکام بنادیا ۔ جس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے کانگریس قائدین کے ساتھ ٹی آر ایس کارکنوں کی طرح برتاؤ کیا ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ حکومت کے خلاف کانگریس پارٹی کا احتجاج ابتداء ہے ۔ حکومت اس کو اختتام سمجھنے کی ہرگز غلطی نہ کرے ۔ کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی ۔ ٹی آر ایس کے منشور میں عوام سے جو بھی وعدے کئے گئے ہیں اس پر عمل آوری کے لیے حکومت پر دباؤ بنائے گی ۔ سکریٹریٹ تاریخی عمارات ہیں اور اس طرح چیسٹ ہاسپٹل ایرگڈہ بھی شہر کے درمیان عوام کی سہولتوں کے لیے ضروری ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ رئیل اسٹیٹ کاروبار والوں سے سازباز کرتے ہوئے ان تاریخی عمارتوں کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ حکومت کے منصوبوں کو کانگریس کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔۔