بڑے جلوس کے ساتھ گاندھی بھون پہونچنے پر آتشبازی ‘پارٹی کو مضبوط بنانے کا عزم
حیدرآباد ۔ 8 ؍ مارچ ( سیاست نیوز) کانگریس کی جانب سے نو نامزد کردہ صدر پردیش کانگریس مسٹر اتم کمار ریڈی نے آج کارگذار صدر مسٹر ملو بٹی وکرامارک کے ہمراہ اپنے عہدہ کا جائزہ لیا ۔ دونوں قائدین نے گاندھی بھون میں اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا اعلان کیا کہ پارٹی کے تلنگانہ میں استحکام کے لئے وہ جدوجہد کریں گے ۔ مسٹر اتم کمار ریڈی نے آج اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے لئے کانگریس قائدین مسٹر ڈی ناگیندر ‘ مسٹر انجن کمار یادو ‘ مسٹر پونالہ لکشمیا و دیگر کے ہمراہ بڑے جلوس کی شکل میں گاندھی بھون پہنچے ۔ قبل ازیں وہ اپنے مکان سے سیدھے سابق صدر پردیش کانگریس مسٹر پونالہ لکشمیا کے گھر پہنچے جہاں سے انہوں نے محمد علی شبیر و دیگر قائدین کو اپنے ہمراہ ریالی میں شامل کرتے ہوئے گاندھی بھون کا رخ کیا ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل اور 2014 عام انتخابات کے بعد گاندھی بھون میں آج کافی گہما گہمی دیکھی گئی چونکہ نو نامزد کردہ صدر و کارگذار بڑے جلوس کے ہمراہ گاندھی بھون پہنچنے والے تھے ۔ اس موقع پر گاندھی بھون میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی دیکھا گیا ۔ جائزہ لینے کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے مسٹر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں عوامی مفادات کا خیال کئے بغیر کئے جانے والے سرکاری فیصلوں کے خلاف کانگریس پارٹی بحیثیت ذمہ دار اپوزیشن اپنا کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس سے نمٹنے کے نئی حکمت عملی اور سینئر قائدین سے مشاورت کے لئے ساتھ وہ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم بنانے کے لئے کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عوامی مفادات پر اختیار کردہ رویہ سے عوام میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے اور ایسے میں اپوزیشن پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے حکومت کو متوجہ کروائے ۔ انہوں نے صدر مسز سونیاگاندھی کے علاوہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی قائدین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ اسے پورا کرنے کے لئے پوری کوشش کریں گے لیکن اس مقصد کی تکمیل کے لئے انہیں دیگر قائدین کا تعاون اور سینئر قائدین کی رہبری درکار ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ‘ مسٹر ڈی سرینواس ‘ ڈاکٹر ایس جے پال ریڈی ‘ جناب محمد علی شبیر ‘ مسٹر ڈی ناگیندر ‘ مسٹر انجن کمار یادو کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔ مسٹر پونالہ لکشمیا سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انہیں تلنگانہ کے پہلے صدر پردیش کانگریس ہونے کا اعزازحاصل ہے اور خوش قسمت ہیں کہ پارٹی نے انہیں یہ عہدہ دیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر اتم کمار ریڈی سے پارٹی اور تلنگانہ عوام کے علاوہ قائدین کو کافی توقعات وابستہ ہیں ۔ انہیں عوامی توقعات کو پورا کرنے کے لئے پارٹی کے استحکام پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ مسٹر ملو بٹی وکرامارک کے علاوہ پارٹی کے دیگر سینئر قائدین نے بھی اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حکومت کے خلاف بڑے پیمانہ پر جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا ۔
مسٹر پونالہ لکشمیا نے کہا کہ ریاست میں چیف منسٹر مسٹر کے چندراشیکھرراؤ تغلق کی طرح حکمرانی چلا رہے ہیں جو کہ جمہوری اصولوں کے مغائر ہے انہوں نے بتایا کہ جب تک کی سی آر عوام مخالف فیصلے ترک نہیں کرتے اس وقت تک کانگریس پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی چونکہ کانگریس کو اقتدار سے زیادہ عوامی مسائل کے حل سے دلچسپی ہے ۔