غریب ایرانیوں میں خوراک کی تقسیم کے دوران دھکم پیل
تہران ، 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی صدر حسن روحانی کو حکومت کی جانب سے ملک کے غریب طبقات کیلئے شروع کی گئی خوراک کی مفت تقسیم کی ایک اسکیم پر سخت گیروں سمیت مختلف طبقات کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ مقامی خبررساں اداروں نے لوگوں کی ایسی تصاویر شائع کی ہیں جن میں وہ حکومت کی جانب سے مفت خوراک کی تقسیم کے دوران دھکم پیل کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں یا پھر وہ سخت ٹھٹھرتی ہوئی سردی میں قطاروں میں کھڑے ہیں۔ ان تصاویر کے منظر عام پر آنے کے بعد سخت گیروں نے صدر حسن روحانی کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اس پر شہریوں کی بے توقیری اور ان کی عزت نفس مجروح کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔ بعض لوگ مبینہ طور پر خوراک کی ٹوکریاں وصول کرنے کیلئے شدید سردی میں تین تین روز تک کھڑے رہے ہیں۔
ایک ضعیف العمر شخص اسی انتظار میں اس جہان فانی سے کوچ کرگیا جس کے بعد صدر حسن روحانی پر تنقید کے نشتر تیز ہوچکے ہیں۔ ایران کے قدامت پسند حلقے پہلے ہی صدر حسن روحانی کے مغرب کے ساتھ چھ ماہ کی مدت کیلئے عبوری سمجھوتے پر نالاں تھے،اب ان کے پاس تنقید کا ایک اور ہتھیار ہاتھ آگیا ہے۔ سخت گیروں کے اخبار کیہان نے اپنے اداریے میں لکھا ہے، ’’منجمد کردینے والی سردی میں غریب لوگوں کی خوراک کے حصول کیلئے لمبی قطاروں کو دشمن کے میڈیا نے ایران کا سیاہ امیج دکھانے کیلئے استعمال کیا ہے‘‘۔ اخبار نے لکھا ہے کہ صدر روحانی کو اس پروگرام پر قوم سے معافی مانگنا چاہئے۔