صدر اوباما داعش مخالف نئے اتحاد سے متعلق پُراعتماد

نیوپورٹ (ویلز) ، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے عراق اور شام میں برسرپیکار سخت گیر جنگجو گروپ دولت اسلامی کی بیخ کنی کیلئے ایک وسیع تر بین الاقوامی اتحاد کی تشکیل کے بارے میں اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس جنگجو گروپ کو شکست دی جائے گی اور اس کے جنگجوؤں کا القاعدہ کے ارکان کی طرح پیچھا کیا جائے گا۔ انھوں نے نیوپورٹ ،ویلز میں معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو کے سربراہ اجلاس کے موقع پر کل یہاں نیوز کانفرنس میں کہا : ’’مجھے پورا اعتماد ہے،نیٹو اتحادی اور اس کے شراکت دار ایک وسیع تر بین الاقوامی اتحاد میں شمولیت اختیار کرنے کو تیار ہیں‘‘۔ انھوں نے کہا کہ ان کے اس اتحاد کا مقصد داعش کو ختم کرنا ہے اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے تاکہ علاقائی قوتوں کو بھی اس اتحاد میں شامل کیا جاسکے۔ امریکی صدر نے کہا، ’’یہ سب کچھ صرف ایک رات میں نہیں ہوگا لیکن ہم بڑی تیزی سے درست سمت کی جانب گامزن ہیں اور ہم اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ہم داعش کو پسپا کرنے اور اس کو شکست سے دوچار کرنے جارہے ہیں‘‘۔ قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ کیری نے کہا ، ’’ہمیں داعش پر اس انداز میں حملے کرنے کی ضرورت ہے جس سے انھیں مزید علاقہ ہتھیانے سے باز رکھا جا سکے۔اس مقصد کیلئے وہاں اپنے فوجی اتارے بغیر عراقی سکیورٹی فورسز اور خطے میں دوسروں کو مضبوط کیا جائے گا‘‘۔

کیری نے نیٹو کے سربراہ اجلاس کے موقع پر برطانیہ، فرانس ،جرمنی ،کینیڈا ،آسٹریلیا ،ترکی ،اٹلی ،پولینڈ اور ڈنمارک کے وزرائے دفاع اور خارجہ سے ملاقات کی ہے اور ان سے عراق اور شام میں داعش کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ کیری نے کہا:’’وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ بہت سے ممالک فوجی حملوں میں حصہ نہیں لینا چاہتے ہوں گے لیکن وہ (داعش کے خلاف مہم میں) انٹلیجنس ، فوجی آلات اور ہتھیار مہیا کرسکتے ہیں‘‘۔ دریں اثناء فرانسیسی صدر فرانسو اولاند نے کہا ہے کہ ان کا ملک عراقی حکومت کی درخواست اور اقوام متحدہ کی منظوری سے بننے والے داعش مخالف کسی بھی اتحاد میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے تیار ہے۔ انھوں نے نیٹو کے دوروزہ اجلاس کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس اپنے اتحادیوں کے ساتھ ممکنہ اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کررہا ہے اور وہ کارروائی کیلئے بھی تیار ہے لیکن اس کیلئے پہلے بین الاقوامی قانون کے تحت ایک سیاسی معاہدہ طے پایا جانا چاہیے۔ ان کے بیان سے عیاں ہے کہ فرانس عراق یا شام میں داعش کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی سے قبل اس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے منظوری چاہتا ہے اور بین الاقوامی قانون سے ماورا ایسی کسی فوجی مہم کا حصہ بننے کو تیار نہیں ہوگا۔برطانوی وزیرخارجہ فلپ ہیمنڈ نے بھی کہا ہے کہ ان کے ملک نے عراق میں کسی فضائی حملے کا حصہ بننے کا کوئی وعدہ نہیں کیا ہے لیکن وہ ایسے کسی امکان پر غور کرسکتا ہے۔