صدر امریکہ ۔ وزیراعظم برطانیہ چوٹی ملاقات

واشنگٹن ۔ /27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیراعظم برطانیہ تھریسا مے کی ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد اولین چوٹی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم برطانیہ نے ٹرمپ سے خواہش کی کہ وہ امریکہ کے ساتھ دوبارہ اتحادچاہتی ہیں ۔ وزیراعظم برطانیہ نے کہا کہ مغرب اور اس کی اقدار کے نئے مخالفین بنیاد پرست اسلامی دہشت گردوں اور اس کی جمہوری ، آزادی اور انسانی حقوق جیسی اقدار کے نئے مخالفین چین اور روس کی شکل میں ابھر آئے ہیں ۔ یہ دونوں ممالک عالمی امور میں جارحانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ اس لئے امریکہ اور برطانیہ کو چاہئیے کہ بدلتی ہوئی دنیا کو مشترکہ قیادت فراہم کریں ۔ اپنی طرف سے خیرسگالی کا اظہار کرتے ہوئے تھریسامے کی آمد پر ان کا استقبال 19 توپوں کی سلامی سے کیا گیا ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ دونوں کی چوٹی ملاقات زبردست کامیاب رہی ۔ وزیراعظم برطانیہ نے نامعلوم مہلوکین کی یادگار پر جو ورجینیا کے فوجی قبرستان میں واقع ہے پھول چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا ۔ صدر امریکہ نے /20 جنوری اور وزیراعظم برطانیہ نے گزشتہ سال جولائی میں عہدہ سنبھالا ہے ۔ امریکہ اور برطانیہ میں حال حال تک تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے جبکہ برطانیہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران ان کی مخالفت میں مظاہرے ہوئے تھے ۔