واشنگٹن 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام )صدر امریکہ بارک اوباما نے آج اشارہ دیا کہ وہ بنجامن نتن یاہو کی زیر قیادت نئی سخت گیر اسرائیلی حکومت کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے حالیہ کشیدگی کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کیلئے شراکت داری کے تعلقات کی ستائش کی۔ وائیٹ ہاوز سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اوباما وزیر اعظم نتن یاہو کے ساتھ اشتراک و تعاون کے منتظر ہیں۔ نتن یاہو نے کل تقریباً آخری وقت میں ایک مخلوط حکومت کا معاہدہ طئے کرلیا ہے جس کے تحت وہ اقتدار پر برقرار رہیں گے ۔ دائیں بازو کی انتہا پسند یہودی ہوم پارٹی نے اُن کی ٹھوس تائید کرنے کا بیان جاری کیا ہے ۔اس اقدام سے اسرائیل ۔ امریکہ تعلقات مزید پیچیدہ ہوسکتے ہیں۔