صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی آج درگاہ بابا شرف الدینؒ پر حاضری

حیدرآباد ۔ 17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم کل 18 جولائی کو درگاہ حضرت بابا شرف الدین پہاڑی شریف کی زیارت کریں گے اور موقوفہ اراضی کا معائنہ کریں گے ۔ محمد سلیم نے بتایا کہ صبح 10.30 بجے ضلع کلکٹر اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ درگاہ شریف پر حاضری دی جائے گی جس کے بعد اطراف و اکناف کی اراضیات اور ناجائز قبضوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی شریف سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ تک وقف اراضی موجود ہے اور حکومت نے ایرپورٹ کیلئے وقف اراضی الاٹ کی ہے۔ محمد سلیم جی ایم آر کے تحت موجود اراضی کا معائنہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ درگاہ شریف کے اطراف و اکناف کے علاقہ میں جو بھی ناجائز قابضین ہیں ، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں نوٹس دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی شریف کے علاقہ میں وقف بورڈ کی اراضی کو ڈیولپ کرتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کیاجاسکتا ہے۔ وقف بورڈ کی آمدنی مسلمانوں کے فلاحی کاموں پر خرچ کرے گا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ شہر میں تین ہمہ منزلہ کامپلکسوں کی تعمیر کو وقف بورڈ نے منظوری دی ہے۔ اس سلسلہ میں پلان تیار کیا جارہا ہے ۔