صدرنشین گجرات وقف بورڈ سے ملاقات، اوقافی جائیدادوں کے تحفظ پر بات چیت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج گجرات کے احمد آباد میں صدرنشین وقف بورڈ گجرات سجاد ہیرا اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر آئی آر منصوری سے ملاقات کی اور گجرات میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ پر بات چیت کی ۔ محمد سلیم جو گجرات کے دورہ پر صدرنشین گجرات وقف بورڈ کو تلنگانہ وقف بورڈ کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ انہوں نے گجرات میں اوقافی جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کی اور ان کی صیانت کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تعاون کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ وقف بورڈ نے آمدنی میں اضافہ کیلئے اہم جائیدادوں کو ڈیولپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی بھلائی کیلئے جاریہ سال 2000 کروڑ کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جو ملک کی کسی ریاست میں ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی بہبود کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کی اسکیمات سے لاکھوں اقلیتی امیدوار مستفید ہورہے ہیں۔ محمد سلیم نے شادی مبارک ، اوورسیز اسکالرشپ اسکیم ، ائمہ و مؤذنین کو ماہانہ اعزازیہ اور اردو آفیسرس کے تقررات کی تفصیلات بیان کی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سیکولر چیف منسٹر ہیں اور انہوں نے اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کیلئے قائم کردہ 204 اقامتی اسکولوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ آئندہ سال سے اسکولوں کے علاوہ کالجس کے قیام کا منصوبہ ہے۔ محمد سلیم نے صدرنشین وقف بورڈ گجرات کو دورہ حیدرآباد کی دعوت دی تاکہ وہ وقف بورڈ کے علاوہ اقلیتی بہبود کی اسکیم کا جائزہ لے سکے۔