صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے میدک میں مسجد کی انہدامی کارروائی کو روک دیا ۔ کلکٹر سے بروقت نمائندگی

حیدرآباد /.27 اگست ( سیاست نیوز ) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے میدک ضلع کے چلور موضع میں سڑک کی توسیع کیلئے مسجد کے انہدام کی کوششوں کو ناکام بنادیا ۔ مقامی افراد کے ایک وفد نے صدرنشین وقف بورڈ سے ملاقات کرتے ہوئے نمائندگی کی کہ ریونیو حکام سڑک کی توسیع کیلئے مسجد کے نصف حصہ کو منہدم کرنا چاہتے ہیں ۔ انہدامی کارروائی کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کلکٹر میدک سے فون پر رابطہ کیا اور مسجد کے انہدام کی سختی سے مخالفت کی ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے انہدام کی صورت میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوگئے اور کسی بھی وقف جائیداد کو انہدام کا محکمہ مال کو اختیار نہیں ہے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ضلع کلکٹر نے فوری طور پر انہدامی کارروائی کو روک دیا اور مسجد کی دوسرے جانب موجود اراضی کو حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس طرح مسجد کے انہدام کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ۔ مقامی افراد نے صدرنشین وقف بورڈ سے اظہار تشکر کیا اور ان کی کامیاب نمائندگی کو سراہا ۔