نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی ہفتہ کے دن تلنگانہ کے اولین دورہ پر حیدرآباد پہنچیں گے اور نلسار یونیورسٹی برائے قانون شاہ میر پیٹ کے بارہویں جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کریں گے۔ 2 جون کو تلنگانہ کے قیام کے بعد صدرجمہوریہ پرنب مکجی کا یہ اولین دورہ ہوگا۔ ان کے دو روزہ دورہ مغربی بنگال اور تلنگانہ میں شاہ میر پیٹ کے دورہ کی دوسری منزل ہے۔ راشٹرپتی بھون سے جاری کردہ اعلامیہ کے بموجب وہ مالدا کے علاقہ نارائن پور میں غنی خان چودھری ادارہ برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کی عمارت کا افتتاح بھی کریں گے۔ بعدازاں بین الاقوامی کانفرنس برائے قدرتی ریشوں کا افتتاح بھی کریں گے۔ یہ کانفرنس کولکتہ میں پٹسن اور متعلقہ ریشوں کی ٹیکنالوجی کے بارے میں تحقیق کے قومی ادارہ کے زیراہتمام منعقد کی جارہی ہے۔