صدرجمہوریہ اور نائب صدرجمہوریہ کے کوٹہ سے تلنگانہ کے 24 عازمین کا انتخاب

مکمل رقم 25 مئی تک ادا کردیں۔ جناب محمد مسیح اللہ خان اور پروفیسر ایس اے شکور کا بیان

حیدرآباد ۔19 مئی (پریس نوٹ) صدرجمہوریہ اور نائب صدرجمہوریہ کے اختیارتمیزی کے تحت ریاست تلنگانہ سے جملہ 24 درخواست گذاروں کو عزم حج کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان اور ایگزیکیٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ صدرجمہوریہ کو ایک سو عازمین کا کوٹہ ہے جو انہوں نے الاٹ کردیا ہے جس میں ریاست تلنگانہ کے پانچ درخواست گذار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نائب صدرجمہوریہ کو 75 عازمین کا کوٹہ انہوں نے بھی اس کوٹہ کا استعمال کرتے ہوئے ملک بھر سے عازمین کا انتخاب کیا ہے۔ ان کے کوٹہ سے ریاست تلنگانہ کے 19 درخواست گذاروں کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ ان تمام عازمین کو انفرادی طور پر ان کے انتخاب کی اطلاع دے دی گئی ہے ۔ ان تمام عازمین سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ 25 مئی تک ان کے درخواست فارم میں درج رہائشی زمرہ کے مطابق حج مصارف کی مکمل رقم ادا کردیں اور اس کی رسید کے ساتھ اصل پاسپورٹ، ایک عدد کلر فوٹو گراف اور میڈیکل اسکریننگ اور فٹنیس سرٹیفکٹ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں داخل کردیں۔ ان حکام نے مزید بتایا کہ حج مصارف کی رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ نمبر "Fee Type25” 32175020010 میں یا پھر یونین بینک آف انڈیا کے اکاؤنٹ نمبر 318702010406009 میں یا راست آن لائن www.hajcommitte.gov.in میں جمع کروائیں۔ گرین زمرہ میں مکمل رقم قربانی کے ساتھ 2,55,750 اور بغیر قربانی کے 2,47,750 روپئے اور عزیزیہ زمرہ میں قربانی کے ساتھ مکمل رقم 2,21,600 روپئے اور بغیر قربانی کے 2,13,600 روپئے ہوگی۔ مزید تفصیلات دفترحج کمیٹی واقع حج ہاوز نامپلی سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔