بی جے پی امیدوار کی تائید سے کے سی آر کی فرقہ پرستی آشکار، اتم کمار ریڈی
حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے گاندھی بھون اور خلوت میں غریب مسلمانوں میں رمضان پیاکٹس تقسیم کئے گئے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے صدارتی انتخابات میں فرقہ پرست بی جے پی کے امیدوار کی تائید کے مسئلہ پر نظرثانی کرتے ہوئے علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل میں اہم رول ادا کرنے والی میرا کمار کی تائید کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر کو مشورہ دیا۔ گاندھی بھون میں منعقدہ تقریب کی صدر پی سی سی اقلیت محمد خواجہ فخرالدین نے صدارت کی جس میں ایس جئے پال ریڈی، قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی (اسمبلی)، محمد علی شبیر (کونسل) ، وی ہنمنت راؤ، پنالہ لکشمیا، ایم ششی دھر ریڈی، ڈی ناگیندر، ایس کے افضل الدین، سید عظمت اللہ حسینی ترجمان، سید نظام الدین، شیخ عبداللہ سہیل، صمد خان کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے لئے چیف منسٹر کے سی آر صدارتی انتخابات کے لئے بی جے پی کے فرقہ پرست امیدوار رامناتھ کووند کی تائید کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس کا یہ اقدام فرقہ پرستوں کی حوصلہ افزائی کے مماثل ہے۔ گاندھی بھون میں غریب مسلمانوں میں رمضان پیاٹکٹس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ ماہ رمضان میں چیف منسٹر تلنگانہ مسلمانوں کو دھوکہ دیتے ہوئے فرقہ پرست بی جے پی امیدوار کی تائید کررہے ہیں۔ صدرجمہوریہ ملک کا جلیل القدر عہدہ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ جب رامناتھ کووند بی جے پی کے ترجمان تھے، انھوں نے رنگناتھ مشرا کمیشن کی جانب سے مسلمانوں کو 10 فیصد اور کرسچن طبقات کو تعلیم اور ملازمتوں میں 5 فیصد تحفظات فراہم کرنے کی گئی سفارش کی بھرپور مخالفت کی تھی۔ مخالف مسلم تحفظات ذہن رکھنے والے بی جے پی امیدوار کی تائید مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔ دوست بن کر دشمن کی طرح مسلمانوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کا چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ پر محمد علی شبیر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ 12 فیصد مسلم تحفظات کی آواز بلند کرنے والے کے سی آر کس طرح مسلم تحفظات کی مخالفت کرنے والی بی جے پی کے صدارتی امیدوار کی تائید کرتے ہیں اس سے اندازہ ہوگیا کہ چیف منسٹر مسلمانوں کو دھوکہ دیتے ہوئے بی جے پی کی گود میں بیٹھ گئے ہیں۔ کانگریس نے وعدے کے مطابق مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں 4 فیصد تحفظات فراہم کئے ہیں جس سے لاکھوں مسلمانوں کو فائدہ ہوا ہے۔