رہنما خطوط مرتب کرنے 9 رکنی کمیٹی کی تشکیل ۔چیف منسٹر کی صدارت میں اجلاس
حیدرآباد 21 فروری ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست کے تمام صحیفہ نگاروں کو ہیلت کارڈز ‘ میڈیا ایکریڈٹیشن کارڈز ، تعمیر امکنہ ‘ جیسے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ضروری رہنمایانہ خطوط مرتب کرنے 9 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا ۔ تلنگانہ پریس اکیڈیمی آفس میں صحافیوں کے مسائل پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں چندر شیکھر راؤ نے 9 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا جس میں مسرس کے رامچندرا مورتی ، ظہیر الدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، کے سرینواس ریڈی ، کے شیکھر ریڈی ، آر سیلیش ریڈی ، وینکٹ کرشنا ، گوری شنکر ، کرانتی اور شریمتی ونجا شامل ہیں ۔ تلنگانہ کے صحیفہ نگاروں کو درپیش مختلف مسائل کا جائزہ لینے چیف منسٹر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی مسٹر اے نارائنا نے مذکورہ تفصیلات سے واقف کروایا اور بتایا کہ 9 رکنی کمیٹی آئندہ ہفتہ مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے رہنمایانہ خطوط مرتب کر کے رپورٹ حکومت کو پیش کریں گے اور اس رپورٹ کی بنیاد پر حکومت ضروری اقدامات کرکے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایات دے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ بہت جلد ’ جرنلسٹس بھون ‘ کی تعمیر کیلئے اقدامات کرے گی ۔ علاوہ ازیں جرنلسٹوں کی فلاح و بہبود کیلئے 10 کروڑ روپئے آئندہ دو دن میں جاری کرنے کا چیف منسٹر نے تیقن دیا اور مشورہ دیا کہ رقم کسی بینک میں زیادہ شرح سود پر فکسڈ ڈپازٹ کر کے اس میں اضافہ کریں اور مناسب انداز میں ضرورت مند جرنلسٹوں کی فلاح و بہبودی کیلئے اس کا استعمال کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ سکریٹریٹ میں صحیفہ نگاروں کے داخلہ پر کسی بھی نوعیت کی پابندی و تحدیدات عائد نہیں رہیں گی ۔ تاہم سکریٹریٹ میں صحیفہ نگاروں پر ’ریگولیشنس ‘ ضرور رہیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس میں چیف منسٹر کے علاوہ ارکان گورننگ کونسل تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی ونود کمار رکن پارلیمان ٹی آر ایس رمنا چاری مشیر حکومت تلنگانہ برائے امور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ و تہذیبی امور آر وی چندرا ودن کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ، لعل جان ، ڈپٹی ڈائرکٹر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ و سینئیر صحیفہ نگار شریک تھے ۔ مسٹر ہاشمی انچارج سکریٹری تلنگانہ پریس اکیڈیمی نے خیر مقدم کیا ۔