صحافیوں کیلئے آروگیہ اسکیم برقرار

کونسل میں وزیر صحت لکشما ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ ریاست میں سرکاری ملازمین اور صحافیوں کیلئے صحت سے متعلق آروگیہ اسکیم برقرار رہے گی۔ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران صحافیوں کیلئے آروگیہ اسکیم سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ آروگیہ اسکیم کو مزید بہتر انداز میں عمل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی اُمور کے تحت آروگیہ اسکیم کے سی ای او کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ عنقریب ملازمین اور صحافیوں کی آروگیہ اسکیم کیلئے سی ای او کا تقرر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایکزیکیٹو آفیسر کے طور پر گوپی ناتھ کا تقرر کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ویلنس سنٹرس برقرار رہیں گے اور انہیں آروگیہ سری میں ضم نہیں کیا جائے گا۔ آروگیہ سری ویلنس سنٹرس عوام کی صحت کے سلسلہ میں دو علحدہ مراکز ہیں سنٹرس میں ادویات کی قلت کو بہت جلد دور کردیا جائیگا۔ ریاست میں فی الوقت 4 ویلنس سنٹرس کام کررہے ہیں مزید 4 بہت جلد قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے دیگر علاقوں میں بھی ویلنس سنٹرس کے قیام کا تیقن دیا۔