صحافیوں کو اراضی امکنہ فراہمی کے اعلان کا خیرمقدم

تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں صحیفہ نگاروں کو آئندہ 25 یوم میں اراضی امکنہ فراہم کرنے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے اعلان کا تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس نے خیرمقدم کیا۔ مسرس اے نارائنا صدر تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس، کرانتی کرن، جنرل سکریٹری ٹی یو ڈبلیو جے اور بی روی کمار نائب صدر ٹی یو ڈبلیو جے نے چیف منسٹر کے بیان پر اپنی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ صحیفہ نگاروں کو اراضی امکنہ جات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جرنلسٹ ویلفیر فنڈ کی رقومات میں مزید اضافہ کرنے کے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے دیئے گئے تیقن پر خوشی کا اظہار کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ریاست بشمول حیدرآباد میں تمام اہل صحیفہ نگاروں کو چیف منسٹر کے اعلان و دیئے گئے تیقن کی روشنی میں بہت جلد اراضی امکنہ جات بہرصورت حاصل ہوگی۔ چیف منسٹر کے اس اعلان و دیئے گئے تیقن پر مسرس ایم نارائنا کرانتی کرن اور پی روی کمار نے مسٹر چندرشیکھر راؤ سے اظہارتشکر بھی کیا۔ اسی دوران جرنلسٹس کوآپریٹیو ہاؤزنگ سوسائٹی (قدیم) واقع جوبلی ہلز نے بھی صحیفہ نگاروں کو امکنہ کی تعمیر کیلئے اراضی فراہم کرنے کے گذشتہ دن کئے گئے اعلان اور جرنلسٹس ویلفیر فنڈ کی رقومات میں مزید اضافہ کرنے کے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے دیئے گئے تیقن کا خیرمقدم کیا اور چیف منسٹر سے اس بات کی خواہش کی کہ امکنہ اراضی کی فراہمی سے متعلق دیرینہ حل طلب مسئلہ کی یکسوئی کرتے ہوئے تمام سینئر و اہل صحیفہ نگاروں بشمول ہاؤزنگ سوسائٹیوں کی رکنیت رکھنے والے، رکنیت نہ رکھنے والے سینئر صحیفہ نگاروں کو بھی ترجیحی بنیاد پر اراضی امکنہ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے۔ مسٹر ڈی وینکٹا چاری صدر اور مسٹر محمد شہاب الدین ہاشمی سکریٹری جرنلسٹ کوآپریٹیو ہاؤزنگ سوسائٹی واقع جوبلی ہلز نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران تمام صحیفہ نگاروں کو اراضی امکنہ فراہم کرنے کیلئے جرنلسٹس کوآپریٹیو ہاؤزنگ سوسائٹی کی جانب سے مسلسل مؤثر نمائندگی کی جارہی ہے۔ ان عہدیداران جرنلسٹس کوآپریٹیو ہاؤزنگ سوسائٹی نے تمام اہل و سینئر صحیفہ نگاروں کو (بلا تخصیص سوسائٹی رکنیت) اراضی امکنہ فراہم کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا۔