صادق انکاونٹر مقدمہ، ڈپٹی ایس پی ترون باروت کی ضمانت پر عارضی رہائی

احمدآباد ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے آج معطل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ترون باروت کو جو 2003ء کے صادق جمال جعلی انکاونٹر مقدمہ میں ملزم ہیں، ضمانت پر عارضی رہائی کی منظوری دے دی۔ جج ایم ایم گاندھی نے دو ہفتہ کی رہائی 10 ہزار روپئے کے شخصی مچلکہ پر منظور کی۔ ترون باروت نے 4 ہفتہ کی ضمانت پر رہائی کی درخواست کی تھی تاکہ اپنے 82 سالہ علیل والد کی خدمت کرسکیں۔ بھاؤ نگر کا نوجوان صادق جمال گجرات پولیس کے ہاتھوں شہر احمدآباد کے مضافاتی علاقہ نروڈا میں 13 جنوری 2003ء کو گجرات پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہوا تھا۔ انکاونٹر کی صداقت ایک تنازعہ کا شکار ہوگئی تھی جبکہ ممبئی کے سابق صحافی کیتن تروڈکر نے ایک حلفنامہ داخل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گجرات پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کا گواہ ہے۔ انکاونٹر کے ماہر دیانائیک (ممبئی پولیس) کے ہاتھوں چند دن قبل ایک انکاونٹر میں صادق جمال کی ہلاکت واقع ہوئی تھی۔ گجرات ہائیکورٹ نے جس کی سی بی آئی تحقیقات کا حکم دیا تھا جبکہ صادق جمال کے بھائی شبیر جمال نے درخواست پیش کی تھی۔ سی بی آئی نے باروت کے بشمول دیگر 7 افراد کے خلاف فرد جرم داخل کیا تھا۔ ممبئی کے سابق صحافی نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ دیا نائیک کے ہاتھوں صادق جمال کے انکاونٹر کا بھی گواہ ہے۔