ممبئی۔/7نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) شہر کی غیر سیاسی تنظیم اتر بھارتیہ سنگھ (UBS) نے تنظیم کے سربراہ آر این سنگھ سے اس بات پر وضاحت طلب کی ہے کہ انہوں نے حالیہل منعقدہ اسمبلی انتخابا میں ممبئی میں مقیم شمالی ہندوستانیوں کو شیوسینا کو ووٹ دینے کی اپیل کیوں کی تھی؟۔ آر این سنگھ کے فرزند سنتوش سنگھ نے شیوسینا کے ٹکٹ پر سابق وزیر محمد عارف نسیم خان کے خلاف 2009 میں چاندیولی حلقہ سے مقابلہ کیا تھا۔ اس معاملہ نے تنظیم میں کھلبلی مچادی تھی جس کے بعد تنظیم کے ایگزیکیٹو صدر شاردا پرساد سنگھ اور دیگر ارکان نے آر این سنگھ کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی تھی کہ کسی مخصوص سیاسی جماعت کی سیاسی راہ ہموار کرنے کیلئے انہوں نے غیر سیاسی تنظیم کا استعمال کیوں کیا۔یاد رہے کہ شیوسینا بھی کسی زمانے میں شمالی ہندوستانیوں کے ممبئی میں رہن سہن اختیار کرنے کی سخت مخالف رہی ہے۔ بعد ازاں راج ٹھاکرے کی ایم این ایس نے بھی وہی پالیسی اپنائی۔
بردوان دھماکہ کیس میں ایک اور گرفتاری
نئی دہلی ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی ایجنسی نے آج بردوان دھماکہ کے سلسلہ میں ایک اور نوجوان کو گرفتار کیا ہے جس پر مبینہ طور پر نوجوانوں کو گجرات اور آسام فسادات کے جہادی ویڈیوز دکھا کر انہیں تربیت فراہم کرنے کا الزام ہے۔ مغربی بنگال کے موضع نیدا سے تعلق رکھنے والے ضیاء الحق کو ضلع بردوان کے کھاگرا گڑھ کی مسجد طلحہ سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ چھپا ہوا تھا، جسے بعدازاں این آئی اے نے مرکزی سیکوریٹی ایجنسیوں کی مدد سے ڈھونڈ نکالا۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی کے ترجمان کے مطابق ضیاء الحق، فرار ملزم رضاء الکریم اور یوسف شیخ عرف مولانا یوسف کا قریبی ساتھی ہے۔ کریم کے سر پر 3 لاکھ روپئے کا انعام مقرر کیا گیا ہے جبکہ یوسف شیخ عرف مولانا یوسف پر 10 لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔