شیوسینا رکن اسمبلی نے ایک پولیس آفیسر کو طمانچہ رسید کردیا

ناگپور ۔ 18 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : شیوسینا کے رکن اسمبلی ہرش وردھن جادھو نے کل شب ایک ہوٹل میں ایک اسپیشل پولیس آفیسر کو طمانچہ رسید کردیا جو کہ پارٹی سربراہ ادھوٹھاکرے کی سیکوریٹی پر متعین تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ اسپیشل آفیسر ایک ہوٹل روم کے باہر ڈیوٹی پر تھا جہاں پارٹی ارکان اسمبلی کے ساتھ اودھو ٹھاکرے اجلاس منعقد کررہے تھے ۔ رکن اسمبلی ہرش وردھن جب روم میں داخل ہونے کی کوشش میں تھے اسپیشل آفیسر پراگ جادھو نے انہیں روک دیا ۔ جس پر برہم ہو کر رکن اسمبلی نے آفیسر کو تھپٹر مار دیا ۔ اسپیشل آفیسر کی شکایت پر سونے گاؤں پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کرلیا گیا جس کے حدود میں یہ ہوٹل واقع ہے ۔ تاہم ہرش وردھن جو کہ اورنگ آباد رکن اسمبلی ہیں اس واقعہ پر تبصرہ کے لیے دستیاب نہیں تھے ۔ مہاراشٹرا کے ارکان اسمبلی ناگپور میں اکھٹا ہیں جہاں پر اسمبلی سرمائی اجلاس منعقد ہورہا ہے ۔