ممبئی ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وہ کار جس میں شینا بورا کو مبینہ طور پر قتل کیا گیا ، آج اس کا پتہ چل گیا جب کہ تین سال قبل پیش آئے واقع کے معاملے میں پولیس کی جانب سے قتل یا حادثاتی موت کا کوئی کیس درج رجسٹر نہ کرتے ہوئے اس معاملے پر پردہ ڈالنے کی کوششوں کے تعلق سے سوالات پیدا ہوگئے ہیں کیوں کہ شینا کی جزوی طور پر جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے ۔ ممبئی پولیس نے آج تین اہم ملزمین شینا کی ماں اندرانی مکرجی ، اس کے سابقہ شوہر سنجیو کھنہ اور اس کے ڈرائیور شیام رائے سے پوچھ تاچھ جاری رکھی ۔ یہ تمام تینوں کو اس مقام پر لے جایا جائے گا جہاں سے نعش اپریل 2012 میں قتل کے ایک ماہ قبل برآمد ہوئی تھی ۔ یہ مقام ضلع رائے گڑھ کا پن تحصیل ہے ۔ اندرانی کا بیٹا اور شینا کا بھائی میخائل بورا سے بھی آج پولیس نے پوچھ تاچھ کی ۔ پولیس نے کہا کہ کھنہ اور اندرانی جوابات دینے سے گریزاں ہیں ۔ ایک سینئیر پولیس عہدیدار نے کہا کہ ہم نے کار کا پتہ چلالیا ہے ۔ یہ کار تین سال میں مختلف لوگوں کے پاس رہی ہے اور ہمیں ہنوز اسے حاصل کرنا ہے ۔ پولیس نے یہ بھی کہا کہ وہ تینوں ملزمین کو مقام واردات پر لے جاکر تفصیلات حاصل کریں گے۔۔
مقتولہ شینا بورا کی باقیات بازیاب
گاؤں کے پولیس پٹیل کی جانب سے مدفون کی نشاندہی
ممبئی 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) شینا بورا قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی ممبئی پولیس ٹیم ضلع رائے گڑھ میں پین تحصیل کے ایک دیہی عہدیدار گنیش دھینے کے مشکور ہیں جس نے سال 2012 ء میں شینا کو دفن کئے گئے مقام کی نشاندہی کرکے پولیس کا کام آسان کردیا۔ گاؤں کے پولیس پٹیل دھینے نے جنگل میں اس مقام کی نشاندہی کی جہاں پر 3 سال قبل شینا بورا کی نعش کو دفن کردیا گیا تھا۔ جس کے بعد پولیس، فارنسک ماہرین کی ٹیم اور مقامی دیہاتیوں نے قبر کھود کر نعش کے باقیات کو باہر نکالا۔ ممبئی پولیس اور فارنسک ٹیم صبح سویرے 6 بجے پین تحصیل میں گاگوڈے بدرک گاؤں پہنچی اور قبر کھود کر باقیات کو حاصل کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس پٹیل گنیش دھینے اس وقت موجود تھے جب دیہاتیوں کو 23 مئی 2012 ء کو جائے وقوع (ارتکاب جرم کا مقام) پر نعش دستیاب ہوئی تھی۔ بعدازاں نعش کو اس مقام پر دفن کردیا گیا تھا۔ گنیش دھینے جوکہ سال 2011 ء سے گاؤں کے پولیس پٹیل ہیں انھیں اب تک یاد ہے کہ ایک لڑکی کی نعش سال 2012 میں ایک آم کے درخت کے قریب دفنائی گئی تھی۔ ان کی نشاندہی پر صرف 2 فٹ گہرائی پر نعش کا ڈھانچہ نظر آیا۔ پولیس نے اس ڈھانچہ کو پلاسٹک بیاگ میں محفوظ کرکے ممبئی لے کر چلے گئی۔ پولیس کمشنر راکیش موریہ نے بتایا کہ شینا بورو کی باقیات کو ڈی این اے ٹسٹ کے لئے روانہ کردیا گیا ہے۔ باور کیا جاتا ہے کہ شینا کی والدہ اندرانی نے اپنے ڈرائیور ایس پی رائے اور سابق شوہر سنجیو کھنہ کی مدد سے قتل کے بعد نعش کو ٹھکانہ لگادیا تھا۔