شیلندر کمار جوشی تلنگانہ کے نئے چیف سکریٹری

اترپردیش سے تعلق، کئی اہم محکمہ جات میں خدمات کا تجربہ

حیدرآباد۔31 جنوری (سیاست نیوز) ڈاکٹر شیلندر کمار جوشی آئی اے ایس تلنگانہ حکومت کے نئے چیف سکریٹری ہوں گے۔ وہ شیکھر پرساد سنگھ آئی اے ایس کے جانشین ہوں گے جو چیف سکریٹری کی حیثیت سے آج وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے۔ ڈاکٹر شیلندر کمار جوشی کے تقرر کو چیف منسٹر نے منظوری دی اور احکامات جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ راجیشور تیواری آئی اے ایس اسپیشل چیف سکریٹری ریونیو ڈپارٹمنٹ کو چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن کے عہدے کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔ شریمتی سمیتا سبھروال آئی اے ایس سکریٹری برائے چیف منسٹر کو سکریٹری پنچایت راج اینڈ رورل ڈیولپمنٹ کی اضافی ذمہ داری دی گئی۔ ڈاکٹر شیلندر کمار جوشی 1984 آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے متحدہ آندھراپردیش میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ ڈسمبر 2019ء تک چیف سکریٹری کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ شیلندر کمار جوشی کا تعلق اترپردیش کے بریلی سے ہے۔ ان کے والد شنکرلال جوشی فیض آباد سے تعلق رکھتے تھے جبکہ ان کی پیدائش 20 ڈسمبر 1959ء کو بریلی میں ہوئی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم شری وشنو بال سدن میں حاصل کی اور گورنمنٹ کالج سے انٹرمیڈیٹ کیا۔ 6 ویں تا 8 ویں جماعت جوشی نے تلگو بحیثیت تیسری زبان سیکھا۔ ان کی اہلیہ انورادھا جوشی ایم اے ایل ایل بی ہیں اور گھریلو خاتون ہیں۔ انہیں ایک دختر ریا جوشی جو آئی آر ایس آفیسر ہیں۔ آئی آئی ٹی رورکی سے بیچلر آف انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور دہلی آئی آئی ٹی سے ماسٹر آف ٹیکنالوجی کی تکمیل کی۔ 2010ء میں انہوں نے پی ایچ ڈی کی تکمیل کی۔ انہوں نے آئی اے ایس جوائن کرنے کے بعد 8 ماہ تک انڈین ریلوے سرویس میں سگنل اور ٹیلی کمیونکیشن انجینئرس شعبہ میں کام کیا۔ اپنے کیریئر کا آغاز اسسٹنٹ کلکٹر نیلور کی حیثیت سے کرتے ہوئے جوشی نے سب کلکٹر تینالی اور وقار آباد اور کرشنا کے جوائنٹ کلکٹر اور کلکٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دیے۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، آبپاشی، کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ، بلدی نظم و نسق و شہری ترقی، توانائی، میڈیکل اینڈ ہیلتھ اور ریونیو جیسے محکمہ جات میں سکریٹری، پرنسپل سکریٹری اور اسپیشل چیف سکریٹری کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے۔ دو مرحلوں میں وہ 9 برس تک وزارت ماحولیات جنگلات میں مختلف عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے حکومت کی سطح پر باہمی مذاکرات کے سلسلہ میں کئی ممالک کا دورہ کیا۔

نئے چیف ایکزیکیٹو، این ایف سی
حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) نامور سائینسدان ڈاکٹر دنیش سریواستو نے آج چیف ایکزیکیٹو ، نیوکلیر فیول کامپلکس ( این ایف سی ) کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا۔ وہ جی کلیان کرشنن کی سبکدوشی پر اس عہدہ پر فائز ہوئے ہیں۔