لکھنؤ ،5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ نے تین طلاق کو اسلام مخالف قرار دیا ہے ۔ بورڈ کی آج یہاں ہوئی میٹنگ میں اس ضمن میں ایک قرار داد منظور کی گئی کہ اگر ضرورت پڑی تو اس سلسلہ میں سپریم کورٹ میں بھی یہ بات کہی جائے گی۔ واضح رہے کہ عدالت آئندہ ماہ اس پر سماعت کرنے والی ہے ۔ میٹنگ میں 60 میں سے 45 ارکان موجود تھے ۔بورڈ کے ترجمان مولانا یوسف عباس نے بتایا کہ صدر مولانا مرزا محمد اشفاق اور سکریٹری ظہیر عباس کی موجودگی میں ہوئی ۔ میٹنگ میں تین طلاق کو اسلام مخالف قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ گؤ کشی پر مکمل پابندی کی ضرورت بھی بتائی گئی۔یوسف عباس نے کہا کہ چوتھے درجے کے ملازمین کو بھی معطل یا برخاست کرنے سے قبل سرکار اس کی سنتی ہے ۔ اپنی بات سامنے رکھنے کا موقع دیتی ہے لیکن ادھر دیکھنے میں آرہا ہے کہ لوگ ٹیلی فون پر ہی طلاق دے رہے ہیں۔ یہ اسلامی شریعت کے خلاف ہے ۔