شیریں عبادی کا جنوبی افریقہ امن کانفرنس کے بائیکاٹ کا فیصلہ

دھرمشالہ ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی نوبل انعام یافتہ خاتون شیرین عبادی جنھوں نے جنوبی افریقہ میں ہونے والی ایک کانفرنس کا بائیکاٹ کیا ہے کیونکہ مذکورہ کانفرنس کے لئے جنوبی افریقی حکومت نے تبت کے روحانی پیشوا دلائی لاما کو ویزا دینے سے انکار کردیا ہے۔ شیرین عبادی نے متعجب لہجہ میں کہاکہ آخر وہ کیا وجوہات ہیں جن کی بنیاد پر دلائی لاما کو ویزا جاری نہیں کیا گیا اور جنوبی افریقی صدر ڈیسمنڈ ٹوٹو اپنی حکومت کے اس اقدام پر خاموش کیوں ہیں۔ یاد رہے کہ شیریں عبادی واحد خاتون نہیں ہیں بلکہ امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی دیگر شخصیتوں نے بھی 13 تا 15 اکٹوبر منعقد شدنی امن کانفرنس میں شرکت کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے جو کیپ ٹاؤن میں منعقد ہوگی۔ شیریں عبادی نے ہندوستان کے شمالی مستقر دھرمشالہ میں آج ایک بیان دیتے ہوئے کہاکہ جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کے خلاف لڑی جانے والی لڑائی ایک طویل تاریخ ہے لہذا ہم کم سے کم جنوبی افریقہ کی جانب سے دلائی لاما کو ایک دو بار نہیں بلکہ تین بار ویزا نہ دیئے جانے کے فیصلہ کو قبول نہیں کرسکتے۔ یاد رہے کہ تبت کے روحانی پیشوا دلائی لاما دھرمشالہ میں سکونت پذیر ہیں۔