حیدرآباد 15 ڈسمبر (سیاست نیوز)حیدرآباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا نے شیخ مصطفی الدین قتل کیس میں مرکزی حکومت سے آج جواب طلب کیا جس پر اسسٹنٹ سالیسٹر جنرل نے دو ہفتوں کی مہلت طلب کی ۔ 11 سالہ کمسن مصطفی الدین کے آرمی گیاریسن میں فوجیوں کے ہاتھوں قتل کئے جانے کے کیس پر ہائی کورٹ میں درخواست مفاد عامہ داخل کی گئی جس پر عدالت نے کمشنر پولیس کو نوٹس جاری کی تھی جبکہ مرکزی حکومت (وزار داخلہ) کو فریق بناتے ہوئے اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ آج درخواست کی سماعت کے دوران اسسٹنٹ سالیسیٹر جنرل نے عدالت کو یہ واقف کروایا کہ شیخ مصطفی الدین قتل کیس کے سلسلہ میں 70 فوجیوں سے تفتیش کی گئی ہے اور فوج قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی خصوصی تحقیقات ٹیم سے مکمل تعاون کررہی ہے ۔ جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا نے اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے جواب طلب کیا جس پر اسسٹنٹ سالیسٹر جنرل نے مزید دو ہفتوں کا وقت مانگا ہے ۔