حیدرآباد ۔ 4۔ جولائی (سیاست نیوز) سینئر آئی پی ایس عہدیدار شیخ محمد اقبال کو آندھراپردیش حکومت نے انسپکٹر جنرل کے عہدہ پر ترقی دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل رائلسیما ریجن مقرر کیا ہے۔ شیخ محمد اقبال نے اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کرلیا۔ وہ رائلسیما کے تحت آنے والے تمام اضلاع کے انسپکٹر جنرل ہوں گے۔ واضح رہے کہ شیخ محمد اقبال کے نئے تقرر کے بعد کمشنر اقلیتی بہبود اور اسپیشل آفیسر آندھراپردیش وقف بورڈ کے عہدہ خالی ہوچکے ہیں۔ شیخ محمد اقبال یہ دونوں عہدوں کی اضافی ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش حکومت وقف بورڈ کے امور دوبارہ شیخ محمد اقبال کے ذمہ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ تاہم اس سلسلہ میں احکامات کی اجرائی باقی ہے۔ فی الوقت سکریٹری اقلیتی بہبود راوت ان عہدوں کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ شیخ محمد اقبال متحدہ آندھراپردیش میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 1999 ء آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے شیخ محمد اقبال جن کا تعلق ضلع کرنول سے ہے ، وہ متحدہ آندھراپردیش سے ہے، ڈی سی پی ٹاسک فورس ، ڈی سی پی نارتھ زون ، ڈی آئی انٹلیجنس کے عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 1999 ء تا 2004 ء وہ اس وقت کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے چیف سکریٹری آفیسر تھے ۔ ریاست کی تقسیم سے قبل شیخ محمد اقبال کی خدمات محکمہ اقلیتی بہبود کے حوالے کی گئیں جہاں انہوں نے کمشنر اقلیتی بہبود اور اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی حیثیت سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں نمایاں رول ادا کیا۔ ریاست کی تقسیم کے بعد وہ آندھراپردیش میں وقف بورڈ اور اقلیتی بہبود کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے ۔ فروری 2017 ء میں انہیں انسپکٹر جنرل کے عہدہ پر ترقی دی گئی۔