شیخ محمد اقبال آندھراپردیش اقلیتی فینانس کارپوریشن کے نائب صدرنشین و ایم ڈی مقرر

حیدرآباد 6 ڈسمبر (سیاست نیوز ) حکومت نے جناب شیخ محمد اقبال آئی پی ایس کمشنر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش کو نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن مقرر کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں سید عمر جلیل اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے آج جی او آر ٹی 176 جاری کیا۔ موجودہ منیجنگ ڈائرکٹر پروفیسر ایس اے شکور نے یکم ڈسمبر کو حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انہیں منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کے عہدہ سے سبکدوش کرنے کی نمائندگی کی۔ حکومت نے اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے جناب شیخ محمد اقبال کمشنر اقلیتی بہبود کو نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کی زائد ذمہ داری دی ہے ۔ جناب ایس این اقبال سے خواہش کی گئی کہ وہ فوری طور پر اس عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لیں اور حکومت کو اطلاع دیں ۔ حکومت نے 18 جنوری 2014 کو پروفیسر ایس اے شکور اقلیتی فینانس کارپوریشن کی زائد ذمہ داری دی تھی۔ وہ سکریٹری و ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی،اسپیشل آفیسر حج کمیٹی اور ڈائرکٹر سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مائناریٹیز کے عہدوں پر برقرار رہیں گے ۔