پروفیسر جئے شنکر کی موت پر اظہارتاسف، حیدرآباد میں تلنگانہ شہیدان کی یادگار کے قیام کا اعلان
٭ دومنٹ کی خاموشی منائی گئی، شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کیلئے فلاح و بہبود کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 14 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی نے تلنگانہ جدوجہد میں اپنی قیمتی زندگیوں کی عظیم قربانیاں دینے والے شہیدان تلنگانہ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور قرارداد منظور کرکے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ تلنگانہ اسمبلی کے پہلے اجلاس کے آج آخری دن ٹھیک 10 بجے صبح ایوان کی کارروائی کا جیسے ہی آغاز ہوا، کرسی صدارت پر فائز اسپیکر تلنگانہ اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری نے شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کرنے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے قرارداد پیش کرنے کی خواہش کی۔ چیف منسٹر نے ایوان میں شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کرنے قرارداش پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کی عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں ہی آج ہمیں علحدہ ریاست تلنگانہ حاصل ہوسکی۔ گذشتہ 60 سالہ تلنگانہ جدوجہد میں سینکڑوں افراد نے اپنی زندگیوں کی قربانیاں دیں۔ سال 1969 میں شروع کی گئی تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لیتے ہوئے تلنگانہ کے سپوتوں کو اس وقت کی حکومت نے انتہائی ظالمانہ انداز میں فائرنگ کے ذریعہ ہلاک کردیا تھا۔ اس طرح اس وقت زائد از 369 افراد تلنگانہ جدوجہد میں شہید ہوئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ سال 1948 سے ہی طلباء نے اپنی جدوجہد کا آغاز کیا تھا۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے تلنگانہ جدوجہد 1969ء میں زائد از 369 اور بعدازاں شروع کی گئی تلنگانہ جدوجہد میں 1200 افراد (تلنگانہ کے سپوتوں کو) جو شہید ہوئے تھے، ایوان میں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور اس موقع پر پروفیسر جئے شنکر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ حاصل ہوتے وقت پروفیسر جے شنکر کی عدم موجودگی ان کیلئے بہت ہی تکلیف دہ ہی نہیں بلکہ افسوسناک ہے۔ ان کی موت تلنگانہ کیلئے ایک عظیم نقصان ہے۔ پروفیسرجئے شنکر نے تلنگانہ جدوجہد میں اپنا ایک اہم رول ادا کیا۔ چیف منسٹر نے تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تلنگانہ شہیدان قرارداد پر ظاہر کردہ خیالات پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر ریاستی سطح اور ضلع سطح پر منعقد کی جانے والی تقاریب کا آغاز سب سے پہلے شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یقینی بنایا جائے گا۔ یعنی ریاستی سطح پر چیف منسٹر تلنگانہ یادگار شہیدان تلنگانہ پر پہنچ کر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ہی یوم تاسیس تلنگانہ تقریب میں شرکت کرنے اور ضلع سطح پر ضلع کلکٹر و ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ڈسٹرکٹ انچارج و وزیریادگار شہیدان تلنگانہ پہنچ کر بھرپورخراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ہی وہ ضلع ہیڈکوارٹر پر منعقد ہونے والی یوم تاسیس تقریب میں شرکت کریں گے۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ ’’تلنگانہ مارٹائیرس میموریل‘‘ حیدرآباد میں ہی قائم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کی فلاح و بہبود کیلئے مرتب کئے جانے والے پروگراموں کو حکومت کی جانب سے بہت جلد طلب کئے جانے والے کل جماعتی اجلاس میں قطعیت دیتے ہوئے زیربحث آنے والے تمام امور پر فیصلے کئے جائیں گے۔