شہزادہ فیصل نے مسجد نبوی ؐکے جنوب میں میوزیم و پارک کا سنگ بنیادرکھا

مدینہ منورہ۔25 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گورنر مدینہ منورہ اور علاقے کی ترقیاتی کمیٹی کے سربراہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد نبوی کے جنوب میں میوزیم اور الصافیہ باغ منصوبے کا سنگ بنیا د رکھ دیا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مذکورہ منصوبہ 4ہزار 419 مربع میٹر پر تعمیر کیاجائے گا۔ مجوزہ منصوبہ 3 اجزاء پر مشتمل ہو گا جس میں مرکزی حصہ ثقافتی پارک پر مشتمل ہے جبکہ تفریحی اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے بھی مقامات مخصوص کئے جائیںگے۔منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد گورنر مدینہ منورہ شہزارہ فیصل بن سلمان کو منصوبے کے بارے میں سلائیڈز کے ذریعے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ مجوزہ منصوبہ آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی تک مکمل ہو گا۔ منصوبے میں تعمیر ہونے والے پارک میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے نخلستان بھی بنایا جائے گا جو شہر مقدس کی خصوصی پہچان ہے۔پارک میں فوارے اور حوض بھی بنائے جائیں گے جس کی وجہ سے منظر انتہائی خوبصورت ہوگا۔ ثقافتی پارک میں آنے والوں کی سہولت کیلئے فوڈ کارنر اور تجارتی دکانوں کے لئے بھی علاقے کو مخصوص کیاجائے گا جہاں زائرین اپنی ضرورت کی اشیاء خرید سکیں گے۔ مجوزہ منصوبے کو انتہائی جدید خطوط پر تیار کیا گیا ہے جس کی تیاری کیلئے 15 انجینیئرنگ کے اداروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ منصوبہ اپنی نوعیت کا منفرد ہو گا جو مکمل ہونے کے بعد سیاحوں اورزائرین کی توجہ کا مرکز بنے گا۔ اس ضمن میں ماہرین کا کہنا ہے کہ نخلستان اور مجوزہ ثقافتی پارک کی تعمیر سے ثقافتی اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا ۔