شہر کے 6 دواخانوں میں روزہ داروں کیلئے سحر کا انتظام

ہیومانٹی فرسٹ فاؤنڈیشن کی خدمات، تین برسوں سے دواخانوں میں غریبوں کیلئے ناشتہ کی سہولت
پروفیشنلس کے گروپ میں غیر مسلم طلبہ بھی شامل
حیدرآباد ۔ 23۔ مئی (سیاست نیوز) سماج میں غریبوں اور بے سہارا افراد کی مدد کیلئے یوں تو کئی غیر سرکاری ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن حیدرآباد میں پروفیشنلس پر مشتمل نوجوانوں کی ایک ٹیم نے بھوکے افراد کا پیٹ بھرتے ہوئے خدمت کی ایک منفرد مثال قائم کی ہے۔ سرکاری دواخانوں میں روزانہ سینکڑوں افراد علاج کیلئے رجوع ہوتے ہیں اور ان میں اکثریت غریب اور متوسط طبقات کی ہوتی ہے۔ خانگی اور کارپوریٹ شعبہ میں مہنگے علاج کے سبب غریبوں کے پاس سرکاری دواخانوں کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ۔ سرکاری دواخانوں کے علاج سے ہر کوئی واقف ہے۔ یہ دواخانے بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور علاج کے سلسلہ میں ڈاکٹرس کا رویہ مریضوں کیلئے اطمینان کا باعث نہیں ہوتا۔ وہ دن نہیں رہے جب سرکاری دواخانوں میں مریضوں کیلئے کھانے کا انتظام کیا جاتا تھا ، اب تو دواخانہ میں شریک مریضوں کے ساتھ رہنے والے افراد کو کھانے کا انتظام کرنے کیلئے بھاری رقم خرچ کرنی پڑتی ہے ۔ ایسے میں بعض غیر سرکاری تنظیموں نے شہر کے بڑے سرکاری دواخانوں میں مریضوں کے ساتھ رہنے والے افراد کیلئے ناشتہ کی سہولت فراہم کی ہے ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے 2016 ء میں انسانی خدمت کے جذبہ کے تحت ہیومانیٹی فرسٹ فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا۔ اس فاؤنڈیشن میں شامل تمام نوجوان پروفیشنل کورسس سے وابستہ ہیں اور اپنے ذاتی مصارف سے مختلف دواخانوں میں ناشتہ کا اہتمام کرتے ہوئے ایک تحریک شروع کی ۔ یہ تحریک اہل خیر حضرات کے تعاون سے آگے بڑھتی گئی اور ناشتہ کی فراہمی کے 930 دن مکمل ہوچکے ہیں اور روزانہ تقریباً 1000 افراد کو کوٹھی میٹرنٹی ہاسپٹل، نیلوفر ہاسپٹل اور نمس میں ناشتہ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پروفیشنلس کے اس گروپ میں غیر مسلم نوجوان بھی شامل ہیں، جو اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ عوامی خدمت کا یہ جذبہ بلا لحاظ مذہب و ملت مریضوں کے ساتھ رہنے والے افراد کے لئے ناشتہ کا اہتمام کرتا ہے۔ فاؤنڈیشن نے گزشتہ تین برسوں سے 6 سرکاری دواخانوں میں مریضوں کے ساتھ رہنے والے روزہ داروں کی سحری کے انتظام کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ فاؤنڈیشن کے صدر شجاعت اللہ جو سلطان العلوم کالج آف فارمیسی میں فائنل ایئر کے طالب علم ہے، بتایا کہ نیلوفر، گاندھی ، نمس ، ایم این جے کینسر ہاسپٹل ، درگا بائی دیشمکھ ہاسپٹل اور عثمانیہ ہاسپٹل میں مریضوں کے ساتھ کے روزہ داروں کے لئے سحر کے پیاکٹس تقسیم کئے جاتے ہیں۔ یہ کام گزشتہ تین برسوں سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ طریقہ کار کے مطابق فاؤنڈیشن کی ویب سائیٹ یا فون نمبر پر رات 12 بجے تک بکنگ کی جاسکتی ہے اور رات دیر گئے 2 بجے تا 3.30 بجے کے درمیان والینٹرس کی ٹیمیں بکنگ کے مطابق پیاکٹس کے ساتھ دواخانہ پہنچ جاتے ہیں اور فون پر اطلاع دی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بکنگ سے کچھ زیادہ پیاکٹس رکھے جاتے ہیں تاکہ فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں سے لا علم روزہ داروں کو دشواری نہ ہو۔ فاؤنڈیشن کے والینٹرس میں عارف بامداعس ، شہباز ، عبدالرحمن ، نواب ، مبشر ، نواز اور طہٰ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ کمل کشور اگروال اور وشنو پرساد بھی سحری کی تقسیم میں اہم رول ادا کر رہے ہیں ۔ روزانہ سحری کے مینو میں کھچڑی کھٹا ، قیمہ ، روٹی ، شامی اور دہی دیا جاتا ہے۔ مشیر آباد میں واقع ایک نامور ہوٹل نے رعایتی قیمت پر پیاکٹس سربراہ کرنے کا پیشکش کیا ہے ۔ فاؤنڈیشن میں شامل نوجوانوں کی ملک اور بیرون ملک سے حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ ہر سال سحری کی تقسیم کے کام میں اضافہ ہورہا ہے۔