شہر کے پانچ حلقہ اسمبلی کے سینکڑوں نوجوانوںکی وائی ایس آر سی پی میں شمولیت

حیدرآباد ۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات چندرائن گٹہ، کاروان، چارمینار، بہادرپورہ اور جوبلی ہلز حلقہ کے سینکڑوں نوجوان نے آج جناب عامر علی خاں قائد وائی ایس آر سی پی کی قیادت میں پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ہیڈکوارٹر جوبلی ہلز پر جناب عامر علی خان نے ان نوجوانوں کا استقبال کیا اور انہیں بہترین عوامی خدمات کیلئے عوام کے درمیان سرگرم ہونے کی ہدایت دی۔ نوجوانوں کی کثیر تعداد جو جوبلی ہلز حلقہ کے علاوہ پرانے شہر کے حلقہ جات کاروان، چارمینار، چندرائن گٹہ اور بہادرپورہ سے تعلق رکھتی ہے۔ جناب عامر علی خاں سے شخصی ملاقات کرتے ہوئے پارٹی خدمات میں ان کی ہدایت پر عمل کرنے کا وعدہ کیا۔ بعدازاں گریٹر حیدرآباد وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ڈیویژن صدور اور پارٹی ذمہ داروں کے علاوہ حلقہ جات کے کوآرڈینیٹرس کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدرات جناب عامر علی خاں قائد وائی ایس آر سی پی اور آبزرور حلقہ پارلیمان سکندرآباد نے کی۔ جناب عامر علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد کے مختلف ڈیویژنس سے تعلق رکھنے والے قائدین نے اپنا شخصی تعارف کروایا اور جناب عامر علی خاں کی سیاسی سرگرمیوں اور پارٹی امور میں دلچسپی پر مسرت کا اظہار کیا۔

اس اجلاس میں صدر گریٹر حیدرآباد مسٹر اڈم وجے کمار کوآرڈینیٹرس حلقہ جات اسمبلی جوبلی ہلزکے ونئے ریڈی خیریت آباد سے وجیہ ریڈی ، عنبرپیٹ کے کالیر وینکٹیش و دیگر موجود تھے۔ جناب عامر علی خاں نے پارٹی کیڈر سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمات کیلئے پارٹی کیڈر کو چاہئے کہ وہ اپنے آپ کو وقف کردیں۔ انہوں نے پارٹی کیڈر و ڈیویژنس صدور کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے عوامی مسائل کا خود جائزہ لیں اور مسئلہ کو راست ان سے رجوع کریں۔ انہوں نے سات حلقہ اسمبلی کے کوآرڈینیٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ ہر ڈیویژن صدر کے مسائل کا سنجیدگی سے جائزہ لیں اور عوام کو اس بات کا احساس دلائیں کہ وائی ایس آر سی پی ہمیشہ ان کے ساتھ اور ان کے درمیان موجود ہے۔ انہوں نے پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست کے سیاسی حالات سے اپنے اور پارٹی کے مستقبل کے تعلق سے فکرمند نہ ہوں۔ انہوں نے پارٹی کیڈر کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے حالات جیسے بھی ہوں عوامی خدمات کرنے والوں کیلئے حالات سازگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کیڈر پر سنجیدہ انداز میں خدمات انجام دینے پر زور دیا۔ اس موقع پر وجیہ ریڈی کوآرڈینیٹر حلقہ اسمبلی خیریت آباد نے پارٹی کیڈر سے جناب عامر علی خاں کا تعارف کروایا اور کہا کہ جناب عامر علی خاں کی پارٹی میں شمولیت یقیناً پارٹی کیلئے خوش آئند بات ہے اور پارٹی کیڈر میں نوجوان قائد کی شمولیت سے جوش و حوصلہ میں اضافہ ہوا ہے۔ اس اجلاس کو صدر گریٹر حیدرآباد مسٹر آڈم وجئے کمار اور دیگر نے بھی مخاطب کیا۔