شہر کے بعض علاقوں میں ہلکی سے اوسط بارش

بلدیہ کی جانب سے مخدوش عمارتوں کی نشاندہی اور انہدام
حیدرآباد۔3اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر کے بعض علاقو ںمیں آج سہ پہر بھی ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی لیکن کچھ ہی دیر ہونے والی اس بارش سے کہیں پانی جمع ہوجانے یا مسائل پیدا ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ دونوں شہروں کے مضافاتی علاقوں میں دوپہر سے ہی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا لیکن شہر کی سمت بادلوں کا رخ نہیں رہا۔ دوپہر میں کچھ دیر بادل آنے سے محسوس کیا جا رہا تھا کہ کل کی طرح بارش ہو گی لیکن مطلع صاف ہوگیا ۔ سہ پہر کے وقت کچھ علاقوں میں ہلکی اور بعض مقامات پر تیز بارش ہوئی ۔ بلدیہ حیدرآباد نے بارش میں گذشتہ شب دیوار منہدم ہونے اور دو افراد بشمول شیرخوار کی موت کے بعد ایک مرتبہ دوبارہ مخدوش عمارتوں کی نشاندہی اور انہیں منہدم کرنے کے علاوہ ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی کی مہم کا آغاز کردیا ہے اورآج شہر کے مختلف مقامات پر انہدامی کاروائی انجام دی گئی ۔ بلدی عہدیداروں نے کشائی گوڑہ‘ کھنہ نگر‘ لال دروازہ ‘ ضیاء گوڑہ ‘ ملکا جگری‘ کے علاوہ سکندرآباد میں چند مخدوش عمارتوں کا تخلیہ کرواتے ہوئے انہیں منہدم کردیا ۔ جی ایچ ایم سی عملہ نے آج کی گئی کاروائی کے دوران بہادر پورہ اور گڈی ملکا پور میں ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی عمل میں لائی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شہر میں محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے بعد سے ہائی الرٹ رکھا گیا ہے اور تمام عملہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ بارش کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بھی ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے ۔ بلدی عہدیداروں نے نالوں پر کئے جانے والے ناجائز تعمیرات کو منہدم کرنے کے علاوہ قبضوں کو برخواست کرنے کی مہم کا بھی آغاز کردیا ہے۔