آئندہ دو سال میں تیاری ۔ چیف سکریٹری ایس کے جوشی کی ہدایت
حیدرآباد 3 اپریل (سیاست نیوز) چیف سکریٹری ایس کے جوشی نے اربن فاریسٹری کا جائزہ لیتے ہوئے حیدرآباد کے اطراف واقع 188 فاریسٹ بلاکس کے 129 مقامات کو پارکس میں تبدیل کرنے کا جائزہ لیا ہے جن میں 70 مقامات کو فاریسٹ کنزرویشن زونس اور 52 مقامات کو اربن فاریسٹ اور 7 مقامات کو ایکوٹورازم زونس کے طرز پر ترقی دینے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے آج عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے بتایا کہ چیف منسٹر نے شہری علاقوں میں اربن فاریسٹ پارکس کو فروغ دینے کی ہدایت دی ہے تاکہ شہری علاقوں کے عوام کو پارکس کی سہولت فراہم ہوسکے۔ محکمہ جنگلات کے حدود میں واقع مقامات کو پارکس میں تبدیل کرنے دیگر محکمہ جات سے تال میل کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ حیدرآباد کے علاوہ اطراف میں واقع 6 اضلاع بالخصوص ضلع رنگاریڈی میں 26 ضلع میڑچل میں 11 ضلع یادادری میں 6 ضلع میدک میں 4 ضلع سنگاریڈی میں، 3 ضلع سدی پیٹ میں 1 ۔ حیدرآباد میں ایک پارک قائم کیا جائیگا۔ ان 52 فاریسٹ پارکس میں محکمہ جنگلات 15 ، ایچ ایم ڈی اے 17 جی ایچ ایم سی، 3 ٹی ایس آئی آئی سی، 11 فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، 4 میٹرو ریل 2 پارکس کی ترقی و فروغ کی ذمہ داری قبول کریں گے۔ ان پارکس کو ترقی دینے فنڈس اور دوسری ضرورتوں پر غور و خوض کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے مختلف محکمہ جات کو اپنی جانب سے فنڈس اکٹھا کرنے کا مشورہ دیا۔ ساتھ ہی چند محکمہ جات کو کارپوریٹ سماجی ذزہ داری کے تحت فنڈس کو استعمال کرنے کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے مختلف محکمہ جات کو پارکس کو ترقی دیتے ہوئے اس کو محکمہ جنگلات کے حوالے کرنے کی ہدایت دی۔ پارکس کی نگہداشت کی ذمہ داری محکمہ جنگلات کی رہے گی۔ محکمہ سیاحت 7 مقامات پر ایکوٹورازم کے کام انجام دے گی۔ ان پارکس کو آئندہ 2 سال میں تیار کرکے عوام کو دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔