شہر کی سڑکیں دوبارہ تاریک ، خوبصورتی غائب

میٹرو پولس ورلڈ کانگریس کے اختتام کے بعد اسٹریٹس لائٹس بھی بند
حیدرآباد ۔ 14 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز ) میٹرو پولس ورلڈ کانگریس کے اختتام کے ساتھ ہی شہر کی سڑکیں ایک مرتبہ پھر تاریک ہوچکی ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں میٹرو پولس کے آغاز سے قبل شہر کی سڑکوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا اور اضافی روشنیوں سے بقعہ نور بنادیا گیا تھالیکن میٹرو پولس کانفرنس کے اختتام کے بعد نہ صرف اضافی روشنیاں ختم ہوگئیں بلکہ مجلس بلدیہ کی جانب سے شہر کی سڑکوں پر لگائی گئی اسٹریٹ لائیٹس بھی غیرکارکرد ہوچکی ہیں اور اس سلسلے میں دریافت کئے جانے پر کوئی عہدیدار جواب دینے کے موقف میں نہیں ہے۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں غیرکارکرد اسٹریٹ لائیٹس کے سبب سڑکیں تاریک ہوچکی ہیں اور کئی اہم سڑکوں پر بھی موجود اسٹریٹ لائیٹس غیرکارکرد نظر آ۔رہی ہیں جس کی وجہ سے رات کے اوقات میں حادثات کے خدشات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ایک اعلیٰ عہدیدار سے اس سلسلے میں دریافت کئے جانے پر انھوں نے بتایا کہ پرانے شہر میں کم از کم اسٹریٹ لائیٹس باقی رکھی گئی ہیں جبکہ مادھا پور، کوکٹ پلی کے علاوہ مادھاپور کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں گیارہویں میٹرو پولس کانفرنس کے آغاز سے قبل لگائی گئی ایل ای ڈی اسٹریٹ لائیٹس نکال دی گئی ہیں۔ شہر میں منعقد ہوئی اس عالمی سطح کی کانفرنس میں مندوبین کی بڑی تعداد کا تعلق مختلف ممالک سے تھا اور شہر کو بہتر سے بہتر پیش کرنے کی کوششوں میں میٹرو پولس کانفرنس کے دوران شہر کی سڑکوں کی آہک پاشی کی گئی تھی اور اضافی روشنیاں لگائی گئی تھیں لیکن اطلاعات کے بموجب مادھاپور کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں جو ایل ای ڈی اسٹریٹ لائیٹس نصب کی گئی تھی وہ نکال دی گئی جبکہ نیاپل تا چارمینار ، چندرائن گٹہ ، فلک نما تک جو ایل ای ڈی لائیٹس نصب کی گئی تھی وہ غیرکارکرد ہیں۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے بموجب بلدیہ نے پانچ روزہ ورلڈ کانفرنس کے بعد اسٹریٹ لائیٹس کو ہٹانے کے کوئی احکام جاری نہیں کئے ہیں لیکن جو شکایات موصول ہورہی ہیں اُن کے متعلق جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ مادھاپور ہائی ٹیک سٹی کے قریب کے علاقوں میں جو ایل ای ڈی اسٹریٹ لائیٹس نصب کی گئی تھیں اُنھیں تبدیل کیا جارہا ہے اور شہر کی دیگر اسٹریٹ لائیٹس کے مطابق بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ پرانے شہر میں جو ایل ای ڈی لائیٹس نصب کی گئی ہیں وہ تبدیل نہیں کی جائیں گی بلکہ جن مقامات سے شکایات موصول ہورہی ہیں وہاں پر اسٹریٹ لائیٹس کو کارکرد بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔