سڑکیں جھیل میں تبدیل ، سواریوں کی عدم دستیابی سے کئی ملازمین دفاتر حاضر ہونے سے قاصر
حیدرآباد۔31اگسٹ (سیاست نیوز) سرکاری طور پر دفتری ملازمین کو بارش کے سبب ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچنے کی سہولت کے اعلان سے یہ بات ثابت ہوئی کہ شہر کی حالت انتہائی نا گفتہ بہ ہوچکی تھی اور سڑکیں قابل استعمال نہیں رہیں تھی ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں شروع ہونے والی بارش نے سرکاری ملازمین کو تشویش میں مبتلاء کر دیا تھا کیونکہ موسلا دھار بارش نے شہر کی سڑکوں کو جھیل میں تبدیل کردیا تھا جس کے سبب ملازمین اپنے دفتر پہنچنے سے قاصر نظر آرہے تھے صبح 8بجے کے قریب سرکاری طور پر ملازمین کی ایک گھنٹے تاخیر سے آمد پر حاضری شمار کئے جانے کی اطلاع کے بعد ملازمین نے کچھ راحت کی سانس لی لیکن اس کے باوجود بھی بیشتر سرکاری دفاتر میں بھی حاضری کم دیکھی گئی کیونکہ صبح کے وقت سڑکیں کسی بھی سواری کے استعمال کے قابل نہیں تھی اور جابجا ٹریفک جام سے شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ شہر کی کئی اہم سڑکوں پر بس اور کاروں کو بھی پانی کے سبب فیل کھڑے دیکھا گیا۔ مصروف ترین اوقات میں شہر کی سڑکوں پر پیدا ہوئی اس صورتحال نے عام زندگی کو مفلوج کردیا تھا ۔