شہر کی تما م سڑکوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری جی ایچ ایم سی کے سپرد

حیدرآباد۔/25فبروری، ( آئی این این) حکومت تلنگانہ نے جی ایچ ایم سی حدود میں واقع تمام سڑکوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری جی ایچ ایم سی کے سپرد کردی ہے۔ تقریباً 240.87 کلو میٹر پر محیط یہ سڑکیں جن میں 32کلو میٹر ریاستی شاہراہیں اور 209.07کلو میٹر اضلاع کی بڑی سڑکیں شامل ہیں‘ اب تک روڈز اینڈ بلڈنگ ڈپارٹمنٹ کے کنٹرول میں تھیں۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 26ڈسمبر 2014کو منعقدہ جائزہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا تھا جسے پورا کرتے ہوئے قومی شاہراہوں کے ماسواء دیگر تمام سڑکوں کو جی ایچ ایم سی کے تحت دیا گیا ہے۔

کے سی آر نے یادگیر گٹہ مندر کا دورہ کیا
حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے یادگیر گٹہ مندر کو ترقی دینے کے کاموں کا تلگو سال نو اگادی سے آغاز کیا جائے گا۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یادگیرگٹہ کا دورہ کیا اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ مندر کے ترقیاتی کاموں کے تعلق سے جائزہ اجلاس طلب کیا۔ اس اجلاس میں مندر کی ترقی کے ساتھ ساتھ شاہراہوں کی تعمیر، عقیدتمندوں و یاتریوں کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی وغیرہ پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ شاسترم کے مطابق مندر کو ترقی دینے کے اقدامات کئے جانے چاہیئے اور متعلقہ عہدیداروں کو ان تمام اُمور کی عاجلانہ تکمیل کیلئے موثر و مثبت اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سال 2015-16 کے بجٹ میں یادگیر گٹہ مندر کی ترقی کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کرے گی۔ قبل ازیں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یادگیر گٹہ مندر کی ترقی کے سلسلہ میں آج فضائی سروے بھی کیا۔