حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) شہر کے ایک نوجوان کا کنیڈا میں ایلبو واٹر فال (آبشار) میں غرقاب ہوجانے کا واقعہ پیش آیا جس کے سبب اُسکے خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا ۔ متوفی نے حال میں اپنے والدین کو کنیڈا بلایا تھا۔ تفصیلات کے بموجب 33 سالہ عبدالقدیر محمد ساکن عنبرپیٹ بتکماں کنٹہ 7 سال قبل کنیڈا منتقل ہوا تھا اور اُسے وہاں کی شہریت حاصل ہوئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ قدیر محمد نے نظام کالج سے ایم بی اے فینانس اور عثمانیہ یونیورسٹی سے بی کام آنرس تعلیم حاصل کرنے کے بعد کنیڈا روانہ ہوا تھا اور وہ بیسٹ جیٹ کمپنی میں آئی ٹی انائلیس کے حیثیت سے برسر خدمت تھا۔ وہ اپنی بیوی اور دو ماہ کے بچے کے ساتھ وہاں مقیم تھا۔ شہریت حاصل کرنے کے بعد اُس نے اپنے والد عبدالجبار اور والدہ کو کنیڈا بلایا تھا اور وہاں سیاحت کی غرض سے 30 جولائی کو ایلبو واٹر فال پہونچا تھا۔ عبدالقدیر کے افراد خاندان آبشار میں گرنے والے تھے اُنھیں بچانے کی کوشش کی جس میں وہ توازن کھوکر گر گیا۔ عبدالقدیر کو بچانے ایک کنیڈائی باشندے نے کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا اور شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ کے بعد راحت کاری ٹیمیں فوری حرکت میں آگئیں اور نوجوان کی موت کی تصدیق کے بعد نعش کو باہر نکالنے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا ۔ ٹیموں نے اندرون چند گھنٹے عبدالقدیر کی نعش کو نکال لیا اور ورثا کے حوالے کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان کی وہیں پر تدفین عمل میں لائی گئی۔