شہر و مضافاتی علاقوں میں ہلکی و تیز بارش

موسم خوشگوار ہوگیا ۔ آئندہ دو دن میں مزید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔25ستمبر(سیاست نیوز) شہر کے اطراف نواحی علاقوں میں دوپہر کو ہلکی اور تیز بارش کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق شہر کے اطراف کے علاقوں میں نصف گھنٹے تک موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر کے کئی علاقو ںمیں بوندا باندی یا ہلکی بارش ہوئی ۔دونوں شہرو ںحیدرآباد کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں دوپہر سے ہی مطلع ابر آلود رہا اور بعض مقامات پر بارش کے ساتھ ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر تین بجے تک شہر میں 38.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارش کے امکان ہیں۔کوہ مولیٰ علی ‘ ملکا جگری‘ اپل ‘ حیات نگر و دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ چارمینار ‘ آصف نگر‘ مہدی پٹنم‘ نامپلی ‘ بازار گھاٹ‘ آغاپورہ‘ بہادرپورہ‘ مصری گنج اور میر عالم کے حدود میں معمولی بوندا باندی اور کچھ دیر کیلئے تیز بارش ہوئی ۔ہائی ٹیک سٹی ‘ مادھا پور‘ گوپن پلی ‘ جوبلی ہلز ‘ شیر لنگم پلی کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی ۔ ملکاجگری میں 38.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔راجندر نگر میں 13.5 ملی میٹر ‘ کاپرا میں 15ملی میٹر اور مولیٰ علی میں 10.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔فلک نما ‘ حیات نگر ‘ گوشہ محل ‘ عنبرپیٹ ‘ بیگم پیٹ اور مشیر آباد میں بھی قابل لحاظ بارش کے بعد ایمرجنسی عملہ کو فوری متحرک کردیا گیا اور کہا جا رہاہے کہ ایمرجنسی عملہ کو متحرک رہنے کے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال پر قابو پایا جاسکے ۔ جی ایچ ایم سی کے شعبہ کے علاوہ ڈیزاسٹر ریلیف عملہ کو متحرک کرکے انہیں نشیبی علاقوں کے قریب تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔عہدیداروں کے مطابق ناچارم ‘ پیرزادی گوڑہ ‘ اپل کے علاوہ اطراف میں ٹیموں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہیں۔