مختلف مقامات پر ٹریلس واک کا اہتمام کیا جائے گا
حیدرآباد ۔ /17 نومبر (سیاست نیوز) عالمی سطح پر منائے جارہے ورلڈ ہیریٹیج ویک کا /19 نومبر سے شہر حیدرآباد میں آغاز ہوگا ۔ /19 تا /25 نومبر شہر حیدرآباد میں منائے جانے والے ہیریٹیج ویک کے دوران حیدرآباد ٹریلس واک کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ گوپالا کرشنا جو کہ گزشتہ ماہ رمضان المبارک کے دوران پرانے شہر میں سحری واک ، افطار واک اور شب رمضان واک کا انعقاد عمل میں لاچکے ہیں وہ اس ہیریٹیج ویک کے دوران مختلف مقامات پر واک منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد ٹریلس کی جانب سے /19 نومبر کو صبح 7.30 بجے ماہ لقا بائی کے مقبرہ سے مولاعلی درگاہ تک واک منعقد کی جائے گی ۔ جبکہ /20 نومبر کو صبح 7.30 بجے گنبدان پائیگاہ ریاست نگر میں ہیریٹیج واک کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ /21 نومبر کو صبح 8 بجے گنبدان قطب شاہی ، 10.30 بجے نیا قلعہ اور 6 بجے شام ہل فورٹ پیالس کے قریب حیدرآباد ٹریلس واک منعقد کریں گے ۔ /22 نومبر کو صوفیانہ واک چارمینار سے شروع ہوگی جو صبح 7.30 بجے شروع کی جائے گی ۔ رات 11 بجے چارمینار کے قریب ایک اور واک کا اہتمام کیا جائے گا ۔ /23 نومبر کو صبح 7.30 بجے مانسیئر ریمنڈ کے مقبرہ کے پاس واک منعقد ہوگی ۔ اسی طرح /24 نومبر کو صبح 10 بجے سالارجنگ میوزیم کی سیر کروائی جائے گی ۔ /25 نومبر کو اسٹیٹ آرکیالوجیکل میوزیم سیر کا پروگرام ہوگا جبکہ /26 نومبر کو شام 7 بجے درگاہ یوسفین نامپلی میں زیارت کروائی جائے گی اور قوالی کا پروگرام بھی منعقد ہوگا ۔ /28 نومبر کو عثمانیہ یونیورسٹی میں صبح 7.30 بجے واک منعقد ہوگی ۔ جبکہ /29 نومبر کو صبح 7.30 بجے الوال مندر کے قریب واک ہوگی ۔ حالیہ عرصہ میں شہر کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں موجود تاریخی و تہذیبی ورثہ سے عوام کو واقف کروانے کیلئے اس طرح کی چہل قدمی کا آغاز کیا گیا ہے جس کی کافی پذیرائی ہورہی ہے ۔ گزشتہ دنوں مسٹر گوپالا کرشنا نے دسہرہ کی شب چہل قدمی کا اہتمام کیا تھا اور اس میں کافی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی تھی ۔