عوام وارسیاحوں کی سہولت کیلئے حکومت کا فیصلہ ’ وزیر داخلہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 24 / مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے دونوں شہروں روزانہ 12 بجے تک تمام ہوٹلیں اور رسٹورنٹس کھلی رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اور اس سلسلہ میں وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہاریڈی نے از خود اعلان کیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں تلنگانہ ہوٹلس اسوسی ایشن کے ایک وفد نے حکومت سے روزانہ نصف شب تک کسی ہراسانی کے بغیر تمام ہوٹلیں رسٹورنٹس کو کھلی رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسوسی ایشن وفد کی نمائندگی پر فی الفور سنجیدگی کے ساتھ غور کرکے حکومت نے 12 بجے شب تک ہوٹلیں اور رسٹورنٹس وغیرہ کوکھلے رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔علاوہ ازیں بالخصوص بیرونی ممالک کے سیاحوں کیلئے مختلف ریاستوں و اضلاع وغیرہ سے حیدرآباد آنے والے سیاح و عوام کو معیاری غذاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے مقصد سے ہی اس بات کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ہوٹل و رسٹورنٹس مالکین سے بھی اس بات کی خواہش کی کہ وہ سیاحوں اور دیگر مسافرین وغیرہ کو اچھی و لذیذ معیاری غذا فراہم کریں تاکہ ریاست تلنگانہ کے تعلق سے سیاحوں و عوام کے مثبت اثرات مرتب ہوسکیں۔ علاوہ ازیں مسٹر این نرسمہا ریڈی نے تاسیس تلنگانہ تقاریب کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہوٹلس اور راسٹورنٹس وغیرہ میں تلنگانہ کی لذیذ ڈیشس کی تیاری کے ساتھ ساتھ تلنگانہ کا پکوان کروانے کی ہوٹل اور رسٹورنٹس مالکین سے پرزور خواہش کی ۔ اسی دوران شہر حیدرآباد میں روزانہ نصف شب تک تمام ہوٹلوں و رسٹورنٹس کو کھلی رکھنے کی اجازت دینے حکومت کے فیصلہ پر ہوٹل اونرس اسوسی ایشن تلنگانہ نے مسرت و خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ شہر حیدرآباد کو ایک بڑے شہر (مہانگر) میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ اسی طرح حیدرآباد کے شہریوں کی عادتوں میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہے اور نصف شب تک ہوٹلوں سے غذائی ڈیشس حاصل کرنے اور ہوٹل میں کھانے کو اپنی اولین ترجیح دے رہے ہیں ۔ تلنگانہ ہوٹل اونرس اسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ اب تک صرف دس بجے شب تک ہی ہوٹلس اور رسٹورنٹس کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی تھی ۔ لیکن اب اس سہولت میں مزید دو گھنٹوں کی سہولت دیتے ہوئے نصف شب (12 بجے ) تک ہوٹلیں اور رسٹورنٹس کھلی رکھنے کی دی گئی اجازت پر تمام ہوٹل و رسٹورنٹس اونرس میں زبردست خوشی اور مسرت کا اظہار پایا جا رہا ہے ۔ اور ساتھ ہی ساتھ حکومت تلنگانہ سے اظہار تشکر بھی کیا ہے ۔