شہر میں ہلکی بار ش، گرمی سے پریشان عوام کو معمولی راحت

برقی سربراہی کی مسدودی سے شدید دشواریوں کا سلسلہ برقرار

حیدرآباد ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے شہریوں کو آج شام ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش سے معمولی راحت حاصل ہوئی جو موسم گرما گزر جانے کے باوجود جاری شدید گرمی کی لہر سے بری طرح پریشان تھے اور اس پر وقفہ وقفہ سے برقی سربراہی کی مسدودی ان شہریوں کیلئے ستم بالائے ستم ثابت ہورہی ہے ۔ دونوں شہروں میں آج شام کچھ دیر کے لئے ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی ۔ جب سے مصروف سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہوجانے کے سبب ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دونوں شہروں میں اگرچہ کسی نمایاں موسمی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔ لیکن اس مدت کے دوران کہیں کہیں ہلکی یا اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ دونوں شہروں میں اگرچہ بارش کے سبب شہریوں کو کچھ دیر کے لئے شدید گرمی سے راحت ملی لیکن برقی سربراہی کی صبح و شام کے مقررہ اوقات مسدودی کے علاوہ وقفہ وقفہ سے غیر معلنہ مسدودی کے سبب عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے ۔ بالخصوص دوپہر شدید دھوپ کے دوران برقی سربراہی کے مسدود ہونے کے سبب بچوں ، بزرگوں اور روزہ داروں کو تکلیف ہورہی ہے ۔ شام کے اوقات برقی سربراہی مسدود ہونے سے افطار ، نماز مغرب اور بعض صورتوں میں نماز عشاء تراویح کی ادائیگی میں بھی دشواری کی شکایات عام ہیں ۔