شہر میں ہزار بستروں پر مشتمل دواخانہ کے قیام کا فیصلہ

ہند۔ برطانوی انسٹی ٹیوٹ کے وفد کی چیف منسٹر سے ملاقات
حیدرآباد۔ 25اپریل ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں انڈو۔ یوکے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلت نے ایک ہزار بستروں  پر مشتمل تمام عصری سہولتوں و تقاضوں سے آراستہ ایک بڑا ہاسپٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنے اس فیصلہ سے چیف منسٹر کو واقف کروانے کیلئے صدرنشین انڈو ۔ یو کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلت پروفیسر مائیک پارکر کی قیادت میں ایک وفد نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور بتایا کہ انڈو ۔ یو کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلت نے ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہاسپٹل قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور اس فیصلہ کی زبردست ستائش کرتے ہوئے چیف منسٹر نے وفد کو واضح تیقن دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل کیلئے درکار اراضی تمام تر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے شہر حیدرآباد کی آؤٹر رنگ روڈ کے پاس اراضی فراہم کرنے سے اتفاق کیا ۔ اراضی و مقام کا تعین کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جائیں گے ۔ وفد میں چیف ایکزیکٹیو آفیسر انڈو ۔ یو کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلت ڈاکٹر رنجن گپتا و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر کے وفد سے بہت ہی خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا اور وفد کی زبردست ستائش کی ۔