شہر میں کئی کالجس پی جی کورسیس سے محروم ہوں گے

درکار شرائط کی عدم تکمیل پر الحاق ختم ہوگا
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : اس سال پوسٹ گریجویشن کورسیس کی تعلیم پر بڑی ضرب لگے گی کیوں کہ متعلقہ عہدیدار درکار رہنمایا خطوط پر عمل آوری نہ ہونے کی وجہ سے ایم ٹیک ، ایم فارما اور ایم بی اے کورس کے لیے الحاق کرنے سے انکار کررہے ہیں ۔ انجینئرنگ کالجس ان کالجس میں شامل ہیں جنہیں بعض کورسیس کے لیے الحاق کرنے سے حکام انکار کررہے ہیں کیوں کہ رہبر اصولوں کی پابندی نہیں کی جارہی ہے ۔ انجینئرنگ کالجس اسوسی ایشن نے کہا کہ اس سال الحاق دئیے جانے والے کالجس کی تعداد گذشتہ سال سے کم رہے گی ۔ عہدیداروں کے مطابق سی بی آئی ٹی اور ایم جی آئی ٹی جو اہم انجینئرنگ ادارے سمجھے جاتے ہیں چند پی جی کورسیس پڑھانے کے استحقاق سے محروم ہوجائیں گے کیوں کہ انہوں نے ٹیچنگ فیکلٹی ضروریات کی تکمیل نہیں کی ہے ۔ تلنگانہ پرائیوٹ انجینئرنگ کالجس اسوسی ایشن کے صدر این گوتم راؤ نے کہا کہ حکام الحاق رپورٹس کالجس کو روانہ کررہے ہیں ۔ سال 2016-17 کے لیے 170 تا 180 کالجس کو الحاق دیا جائے گا گذشتہ سال یہ تعداد 260 تھی ۔ تیس کالجس نے الحاق کے لیے درخواست نہیں دی بعض کالجس مکمل بند ہونے والے ہیں چند کالجس نے جے این ٹی یو کی شرائط کی تکمیل نہیں کی ہے اور ویجلنس انسپکشن کا نشانہ بننے والے ہیں ۔۔