شہر میں ڈرونس کے استعمال پر پابندی

انٹلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر اقدام ۔ کمشنر پولیس کا اعلامیہ
حیدرآباد 3 نومبر ( پی ٹی آئی ) سٹی پولیس نے شہر میں دہشت گردانہ اور غیر سماجی عناصر کے حملوں کے شبہات کے پیش نظر ڈرونس کی پرواز ‘ پیرا گلائیڈرس اور مائیکرو ۔ لائیٹ طیاروں پر ایک ماہ کیلئے امتناع عائد کردیا ہے ۔ اس امتناع پر 8 نومبر سے آغاز ہوگا ۔ سٹی پولیس کمشنر ایم مہیندر ریڈی کی جانب سے جاری حکمنامہ کے بموجب یہ شبہات ہیں کہ دہشت گرد یا غیر سماجی عناصر اس طرح کے پرواز کرنے والی اشیا کے ذریعہ حملے کرکستے ہیں۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے پولیس نے ان کی پروازوں پر امتناع عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ایک ماہ کیلئے ہونگے ۔ کمشنر پولیس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شہر میں ایونٹ آرگنائزرس کی جانب سے ریموٹ کنٹرول سے اڑنے والے ڈرونس کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے تاکہ لائیو ٹیلیکاسٹ کا فضائی منظر حاصل کیا جاسکے ۔ اس کے علاوہ مختلف تقاریب میں تصویر کشی کیلئے بھی یہ ڈرونس استعمال کئے جا رہے ہیں۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ کسی غیر سرکاری ایجنسی ‘ تنظیم یا فرد کو اجازت نہیں دی جائیگی کہ وہ اس طرح کے ڈرونس استعمال کریں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ انٹلی جنس ایجنسیوں کی یہ اطلاع ہے کہ دہشت گرد یا پھر غیر سماجی عناصر پرواز کرنے والے آلات کے استعمال کے ذریعہ حملے کرسکتے ہیں اور ان کے نتیجہ میں عوامی امن و نظم متاثر ہوسکتا ہے اور انسانی زندگیوں کو اور ان کے تحفظ کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ ان تمام حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک ماہ کیلئے ڈرونس ‘ پیرا گلائیڈرس اور مائیکرو لائیٹ طیاروں کے استعمال پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔