شہر میں چار دن کے دوران بارش سے نمٹنے بلدیہ کی چوکسی

مخدوش عمارتوں سے تخلیہ کو یقینی بنانے کمشنر جی ایچ ایم سی کی ہدایت
حیدرآباد۔ 11ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں آئندہ 4یوم کے دوران ہلکی وتیز بارش کی پیش قیاسی کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے سخت چوکسی اختیار کرنے فیصلہ کرتے ہوئے تمام عہدیداروں کو ہدایت جاری کردی ہیں کہ بلدی حدود میں موجود مخدوش عمارتوں کے تخلیہ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں اور انتہائی مخدوش عمارتوں میںقیام کرنے والوں کی عاجلانہ منتقلی عمل میں لائی جائے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے شعبۂ ٹاؤن پلاننگ کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر غریب عوام مخدوش عمارتوں میں قیام پذیر ہیں اور انہیں منتقل ہونے کا کوئی راستہ نہیں ہے تو فوری ان کے لئے متبادل انتظامات کئے جائیں اور انہیں مخدوش عمارتوں میں قیام کی قطعی اجازت نہ دی جائے۔ اس کے علاوہ مخدوش کمپاؤنڈ والس کے قریب جھونپڑیوں میں رہنے والوں کو بھی دوسری جگہوں پر منتقل کیا جائے تاکہ انہیں محفوظ کیا جا سکے۔ کمشنر بلدیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مخدوش عمارتوں کے تخلیہ میں بلدی عہدیداروں سے تعاون کریں کیونکہ بلدیہ کی جانب سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں تیز رفتار بارش کے سبب مشیرآباد اور رامنتا پور میں حادثات رونما ہوئے تھے ۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے کہا کہ شہر کو شہریوں کیلئے محفوظ بنانا اورعمارتوں کے انہدام سے اموات کو روکنا بلدیہ اپنی ذمہ داری تصور کرتی ہے اور اسی ذمہ داری کے تحت مخدوش عمارتوں کا تخلیہ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہر میں مخدوش عمارتوں کی نشاندہی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر میں مختلف علاقوں میں موجود مخدوش عمارتوں اور دیواروں کو منہدم کرنے کی کاروائی کا بھی آغاز کر دیا ہے۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے شعبۂ شہری منصوبہ بندی کے عہدیداروں کو سیلر کی کھدوائی کو فوری رکوانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے واضح طور پر جاری کردہ ہدایات میں کہا کہ اگر اجازت لینے کے بعد بھی سیلر تعمیر کئے جا رہے ہیں تو ان تعمیری کاموں کو بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر فوری طور پر بند کروا دیا جائے تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ نہ پیش آئے۔ محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے بعد بلدیہ کے ایمرجنسی اسکواڈس کو متحرک کر دیا گیا ہے ۔