شہر میں مچھروں کی کثرت ، شہری متعدد امراض کا شکار

ڈینگو کی وبا پھیلنے کی شکایات ، جی ایچ ایم سی کی جانب سے مچھر کش ادویات کا عدم چھڑکاؤ
حیدرآباد۔18ستمبر(سیاست نیوز) شہر کے کئی علاقو ںمیں مچھروں کی کثرت شہریوں کے لئے متعدد بیماریوں کی وجہ بن رہی ہے اور شہر میں جاری ہلکی اور تیز بارش کے علاوہ موسمی تبدیلی اور مچھروں کی کثرت ڈینگو کی وباء کے پھیلنے کا سبب بن سکتی ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں مچھروں کی کثرت کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ سے اجتناب کے باعث کئی علاقوں کی حالت ابتر ہے۔ کالاپتھر‘ نواب صاحب کنٹہ ‘ تاڑبن‘ شاہ علی بنڈہ ‘ نشیمن نگر‘ تالاب کٹہ‘ منڈ ی میر عالم‘ یاقوت پورہ‘ ٹولی چوکی ‘ محمدی لائن‘ سکنڈ لانسرز ‘ قلعہ گولکنڈہ کے علاوہ بہادرپورہ‘ کشن باغ ‘ شاستری پورم اور دیگر علاقو ںمیں مچھروں کی کثرت کی متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں اور ان شکایات کا جی ایچ ایم سی کی جانب سے ازالہ کرنے کے کوئی اقدامات نہیںکئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے شہریوں کو صفائی اور نفاست کا خصوصی خیال رکھنا چاہئے ۔ واضح رہے کہ سابق میں خود کمشنر جی ایچ ایم سی نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ بلدیہ کی جانب سے کی جانے والی مچھر کش ادویات کا مچھروں پر زیاد دیر تک اثر نہیں رہتا بلکہ یہ مچھر کش ادویات انسانی صحت کے لئے تباہ کن ثابت ہوتی ہیں لیکن اس کے باوجود شہر سے مچھروں کے خاتمہ کیلئے اب تک ان ہی ادویات کا استعمال کیا جا رہاہے اورکوئی متبادل منصوبہ بندی نہیںکی گئی بلکہ جن علاقوں سے مچھروں کی کثرت کی شکایات موصول ہوتی ہیں ان علاقوں میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے یہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے ذریعہ اپنی ذمہ داری پوری کرنے کا اعلان کردیا جاتا ہے جبکہ حالیہ عرصہ میں شہر کے کئی علاقوں میں مچھروں کی کثرت کی متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں لیکن اس کے باوجودبھی جی ایچ ایم سی کی جانب سے مچھروں کی افزائش کو روکنے اور پاک و صاف ماحول کی فراہمی کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں جبکہ شہر میں ڈینگو کے مریضوں کی نشاندہی اور شناخت کی جا نے لگی ہے اور اگر جی ایچ ایم سی کی جانب سے اسی طرح خاموشی اختیار کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں شہر میں ایک مرتبہ پھر سے ڈینگو کی وباء پھیلنے کا خطرہ ہے۔شہر میں ڈینگو کو پھیلنے سے روکنے کے لئے رہائشی علاقوں کے علاوہ تجارتی بازاروں سے کچہرے کی بروقت نکاسی کے علاوہ مچھروں کی افزائش کو روکنے کے اقدامات کو یقینی بنایاجانا ناگزیر ہے ۔