بلدی مسائل کا انبار، کوڑا کرکٹ کی ڈھیر، خستہ حال سڑکیں، اسٹریٹ لائٹس ناکارہ
حیدرآباد۔/15جون، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں ماہ رمضان المبارک کی آمد کے سلسلہ میں فوری تیاریوں کا آغاز کیا جانا ناگزیر ہے چونکہ شہر کے کئی مقامات پر بلدی مسائل کے انبار پائے جاتے ہیں، لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ان مسائل کے حل کے سلسلہ میں کسی قسم کے عملی اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں۔ پرانے شہر کے بیشتر مقامات پر کچرے کی عدم نکاسی کے علاوہ سڑکوں پر موجود گڑھوں اور غیر کارکرد اسٹریٹ لائٹس سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پرانے شہر کے علاقوں میں پینے کے پانی کی بہتر سربراہی کے سلسلہ میں بھی متعلقہ محکموں کی توجہ ضروری ہے۔ ان مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ فوری طور پر غیر معلنہ برقی کٹوتی کے مسئلہ سے نمٹنے کے اقدامات بھی کئے جانے چاہیئے کیونکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران بھی اگر برقی کٹوتی کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو عوام کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ آئندہ چند یوم میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بلدی مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کی توقع کی جارہی ہے لیکن عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر موجود گڑھوں کو اگر فوری بند نہ کیا جائے تو ایسی صورت میں ایک ہفتہ بعد کوئی کام انجام نہیں دیئے جاسکیں گے۔ چونکہ بارش کے آغاز کی صورت میں سڑکوں کو بہتر بنانے کا عمل شروع نہیں کیا جاسکتا اسی لئے اس کام کو فوری طور پر مکمل کیا جانا چاہیئے۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ برقی کی طلب اور پیداوار میں پیدا شدہ تفاوت کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے اور اسے دور کیا جانا انتہائی مشکل ہے۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ حکومت کی جانب سے خصوصی طور پر اقدامات کئے جائیں تاکہ بلاوقفہ برقی سربراہی یقینی بنائی جاسکے۔ رمضان المبارک کے دوران شہر کی مساجد کے اطراف و اکناف صفائی کے انتظامات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کیا جانا باقی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مرتبہ شہر کی اہم مساجد کے قریب صفائی کا اضافی عملہ متعین کرنے کے متعلق غور کیا جارہا ہے تاکہ صفائی کا خصوصی خیال رکھا جاسکے۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران جہاں بازاروں میں گہما گہمی بھی عروج پر ہوتی ہے ایسی صورت میں لاء اینڈ آرڈر کے مسائل کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے جائزہ لیا جارہا ہے اور امن و ضبط کی برقراری کے علاوہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کے سلسلہ میں بھی محکمہ پولیس کی جانب سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ پرانے شہر میں بالخصوص مکہ مسجد، چارمینار، شاہ علی بنڈہ، مدینہ بلڈنگ، پتھر گٹی، دیوان دیوڑھی، دارالشفاء کے علاوہ دیگر مرکزی علاقوں میں جہاں ماہ رمضان المبارک کے دوران گہما گہمی میں اضافہ دیکھا جاتا ہے ان علاقوں میں خصوصی انتظامات، اسٹریٹ لائٹس کی بہتر کارکردگی وغیرہ کا قبل از وقت جائزہ لیا جانا ضروری ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے عوام کو دوچار ہونا نہ پڑے۔ ٹریفک کے مسائل سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے منصوبہ بندی کا عمل جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مرتبہ ٹریفک کے آسان بہاؤ کو مزید بہتر بنانے کے لئے روایتی تبدیلیوںکے علاوہ مزید بہتر اقدامات کے متعلق غور کیا جارہا ہے۔