شہر میں قبضے اور غیر مجاز تعمیرات کو روکنے بلدیہ کی خصوصی ٹیمیں متحرک

شعبہ ہنگامی انتظامات کی جانب سے عصری آلات کی فراہمی، بلدی عہدیدار وشواجیت کمپاٹی کا بیان

حیدرآباد۔30مئی(سیاست نیوز) شہر میں سرکاری اراضیات ‘ نالوں ‘ پارکس ‘ میدانوں اور دیگر مقامات پر قبضوں کے علاوہ غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ ہنگامی انتظامات کی جانب سے فوری حرکت میں آنے والی 8ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے اور شہر میں ان ٹیموں کو متحرک رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔جی ایچ ایم سی کے شعبہ انفورسمنٹ ‘ ویجلنس اینڈ ڈساسٹر مینجمنٹ کی جانب سے فوری حرکت میں آنے والی ان ٹیموں کی تشکیل کے علاوہ انہیں عصری آلات سے لیس کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر شعبہ ای وی ڈی ایم (جی ایچ ایم سی) مسٹر وشواجیت کمپاٹی نے یہ بات بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کسی بھی طرح کے ہنگامی حالات اور ناجائز تعمیرات و قبضہ جات کی شکایات پر یہ ٹیمیں فوری حرکت میں آتے ہوئے کاروائی کریں گی ۔ مسٹر وشواجیت کمپاٹی آئی پی ایس کی نگرانی میں بنائی گئی ان ٹیموں کو عصری آلات جنریٹر‘ گاڑیوں‘ کشتیوں‘ ایل ای ڈی لائٹس ‘ آتش فرو آلات کے علاوہ دیگر سے لیس کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اندرون 15یوم ان ٹیموں کو خصوصی گاڑیاں فراہم کردی جائیں گی اور ان ٹیموں میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے متحرک عملہ کو شامل کیا گیا ہے۔ محکمہ برقی کی جانب سے جو 44 ملازمین شعبہ کو تربیت دی جا رہی ہے اس کے علاوہ دیگر عملہ کو بھی خصوصی تربیت کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔اس شعبہ کا دفتر بدھا بھون میں ہے اور اس دفتر کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صدر دفتر میں واقع کمانڈ کنٹرول روم سے مربوط رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں عملہ کی روانگی کو یقینی بنایا جاسکے۔ حکومت تلنگانہ نے شہر حیدرآباد میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے بلدیہ میں علحدہ شعبہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس فیصلہ کے بعد ہی اس شعبہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ اندرون ایک ماہ یہ شعبہ مکمل طور پر کارکرد ہوجائے گا اور اس شعبہ کے ذریعہ شہر میں ہنگامی حالات پر قابو پانے کے لئے ہنگامی گاڑیوں کو متحرک رکھا جائے گا۔