مقررہ اوقات سے ہٹ کر برقی سربراہی مسدود ، تھرمل پاور اسٹیشن میں پیداوار میں کمی کا بہانہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاست بالخصوص دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں غیر معلنہ برقی کٹوتی سے ہٹ کر اضافی اوقات میں برقی سربراہی کو مسدود کرنے کے عمل نے شہریوں ، طلباء کو تکلیف دہ صورتحال سے دوچار کردیا ہے بدترین امر یہ ہے کہ جو شہری روزانہ صبح اپنے گھر میں برقی کٹوتی سے گذرتے ہیں ان کے کام کے مقام پر پہونچنے پر برقی کٹوتی ان کا تعاقب کرتی ہے ۔ شہر میں مختلف اوقات میں برقی کٹوتی کے اوقات کے باعث بعض شہریوں کو تو دن کے 4 1تا 16 گھنٹوں کے کام کے اوقات میں سے زیادہ تر اوقات برقی کے بغیر گذر جاتے ہیں ۔ سیاسی پارٹی کے اقتدار میں عوام مسائل کے رونما ہونے والے انبار کا تسلسل صدر راج میں بھی جاری ہے ۔ عوام کو اس عذاب سے بچانے کے لیے اب تک کسی بھی پارٹی نے مسیحائی کا کام انجام نہیں دیا تو آگے چل کر بھی اس میں بہتری کی توقع مشکل ہے ۔ گرما کی آمد سے قبل ہی شہر کو پہلے بڑے تھرمل پاور اسٹیشن سے برقی کی کم سربراہی عمل میں آرہی ہے ۔ گذشتہ دو دنوں کے دوران دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں برقی کٹوتی کا سلسلہ دو گھنٹے کے بجائے کہیں چار گھنٹے تو کہیں 6 گھنٹے رہا ہے جب کہ سنٹرل ڈسکام نے صرف دو گھنٹے برقی کٹوتی کا اعلان کیا تھا لیکن شہریوں کو 3 تا 5 گھنٹے غیر معلنہ برقی کٹوتی کا شکار ہونا پڑرہا ہے ۔
کئی علاقوں میں برقی کٹوتی کا عین فجر کی نماز کے وقت صبح 6 بجے آغاز ہوتا ہے ۔ بعض مقامات پر سربراہی آب بھی انہی اوقات میں ہوتی ہے تو مکینوں کو برقی کے بغیر پانی کا حصول مشکل ہورہا ہے ۔ ان غیر یقینی مسائل کے باعث شہری اپنے روزمرہ کے کام کاج کے اوقات میں بھی تبدیل لائے ہے ۔ برقی حکام کا کہنا ہے کہ بھوپلی تھرمل پاور اسٹیشن میں برقی تیاری میں کمی کے باعث 500 میگاواٹ برقی کا نقصان ہورہا ہے ۔ اس وجہ سے برقی کے معلنہ اوقات سے زائد اوقات تک کٹوتی کرنی پڑرہی ہے ۔ جو ایک عارضی مرحلہ ہے ۔ اے پی جینکو کے چیرمین اور مینجنگ ڈائرکٹر کے وجئے آنند نے کہا کہ تھرمل پاور اسٹیشن میں برقی پیداوار کو بحال کرنے اور 500 میگاواٹ کے نقصان کو فوری دور کرنے کا کام ہورہا ہے ۔ توقع ہے کہ 24 گھنٹوں میں ہم کو مطلوب برقی حاصل ہوگی ۔ دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں کسی اطلاع کے بغیر گھنٹوں برقی مسدود کی جارہی ہے جن علاقوں میں صبح 6 تا 9 بجے اور 10 تا 11 بجے ہے وہاں اب 10 بجے تک اور ایک بجے تک برقی کٹوتی ہورہی ہے ۔ جن مقامات پر 10 تا 11 بجے برقی سربراہی بند رہتی ہے وہاں ریلوے تتکال ریزرویشن کے لیے بھی مسافرین کو ناکامی ہورہی ہے ۔ 2 بجے دن میں مزید ایک گھنٹہ برقی بند کی جارہی ہے ۔ پرانے شہر میں برقی سربراہی متعلقہ برقی عہدیداروں اور کرمچاریوں لائن مینوں کے رحم و کرم پر ہے ۔ یہاں کے شہریوں کی زندگی بے ثباتی سے گذر رہی ہے ۔۔