اندراماں مکانات کے الاٹمنٹ کی تحقیقات کا حکم : کے سی آر
حیدرآباد۔11مئی ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سابق میں آل اے وانی ( اندرا آواس یوجنا) کے تحت منظورہ اندراماں امکنہ جات کے سلسلہ میں مکمل تحقیقات کرنے کی تمام ضلع کلکٹروں کو حکم دیا ہے ۔ آج یہاں ڈبل بیڈروم امکنہ جات کی تعمیر کے سلسلہ میں ضلع کلکٹروں کے ساتھ اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے مسٹر چندر شیکھر راؤ نے حقیقی استفادہ کنندوں کی فہرست مرتب کر کے ادائگیاں کرنے کی ہدایات دیں ۔ چیف منسٹر نے 2جون کویوم تاسیس تلنگانہ کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام اضلاع میں بھی یوم تاسیس تقاریب کا عظیم الشان پیمانے پر منانے کا تمام ضلع کلکٹروں کو حکم دیا اور کہا کہ یوم تاسیس تقاریب کے آخری دن تمام اضلاع سے ٹیمیںحیدرآباد آنے کیلئے بھی باقاعدہ احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے شہر حیدرآباد میں غریب عوام کیلئے کم از کم دو لاکھ امکنہ جات کی تعمیر کو یقینی بنانے اپنے فیصلہ کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہر مکان کی تعمیر کیلئے کم از کم 5لاکھ روپئے خرچ کرنے کیلئے حکومت تیار ہے جبکہ حکومت تلنگانہ نے اس بات کا بھی فیصلہ کیا کہ مکانات کی تعمیر کیلئے غریب عوام ہر ایک روپیہ کا خرچ بھی عائد نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ مکانات کی تعمیر پلروں پر ہی کی جانی چاہیئے اور یہ بلدیعلاقہ میں حکومت دو لاکھ مکانات تعمیر کرنے کے اقدامات کرے گی اور ہر بلدی علاقہ میں پہلے مرحلہ کے طور پر 500تا 1000 مکانات تعمیر کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ علاوہ ازیں دیہی علاقوں میں کم از کم 125گز اور شہری علاقوں میں کم از کم 75 گز تا 100 گز اراضی امکنہ جات کی تعمیر کیلئے فراہم کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ اس جائزہ اجلاس میں اعلیٰ عہدیداروں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔