شہر میں صحت و صفائی کے مقصد کیلئے عصری ٹکنالوجی کا استعمال

جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پر نگرانی کیلئے استعمال کی جانے والی نانو وہیکل کا ڈیمانسٹریشن ، کمشنر دانا کشور کا خطاب
حیدرآباد ۔ /23 جنوری ( این ایس ایس) جی ایچ ایم سی کمشنر ایم دانا کشور نے کہا کہ صحت و صفائی اور حفظان صحت کے مقصد کے لئے عصری ٹکنالوجی کو استعمال کیا جارہا ہے ۔ حتی کہ میئر بھی سینیٹیشن ورکرس کے ساتھ پابندی سے بات چیت کررہے ہیں اور سوچھ سریکیشن 2019 کے سلسلہ میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ کمشنر نے کہا کہ صحت و صفائی پر زیادہ توجہ دینے کیلئے بعض میٹنگس کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس میں شہر میں صحت و صفائی کے امور پر نظر رکھنے کیلئے استعمال کی جانے والی نانووہیکل کے ڈیمانسٹریشن کے موقع پر انہوں نے میڈیا کو ان باتوں سے واقف کروایا ۔ جی ایچ ایم سی شان حیدرآباد ، صاف حیدرآباد کے نعرے کے ساتھ پیشرفت کررہا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ایک نئے طریقہ کار کو اپناتے ہوئے نانو وہیکل کا استعمال کیا جارہا ہے جو 3 سی سی ٹی وی کیمرے اور کمپیوٹر سے لیس ہے جس سے سڑکوں پر کچرا ، گندگی وغیرہ ڈالنے والوں کی تصاویر کیمروں میں قید ہوجائیں گی اور اسے کمانڈ کنٹرول روم روانہ کیا جائے گا اور اس طرح ان پر جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔کمشنر جی ایچ ایم سی فی الوقت ایک گاڑی کو خیریت آباد زون میں استعمال کیا جارہا ہے ۔ ایک ہفتہ میں تمام چھ زونس کیلئے ہر زون میں ایک گاڑی فراہم کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ صحت و صفائی کے کاموں کی نگرانی کیلئے سوچھ آفیسرس کو 150 ٹیابس بھی فراہم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 130 ٹیابس سے ڈیٹا آرہا ہے اور اس سے جاریہ کام میں بہت مدد ہورہی ہے ۔ کمشنر نے کہا کہ اے ایس سی آئی کے اشتراک سے ایک ایکشن پلان کا بھی منصوبہ ہے اور اندور شہر کی ایک تنظیم کو بھی اس میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس مقصد کے لئے این جی اوز کو بھی شامل کیا جارہا ہے ۔