شہر میں سکیورٹی ، 18 ہزار پولیس فورس متعین

حیدرآباد ۔ /13 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں گنیش مرکزی جلوس کے پیش نظر پولیس نے 18 ہزار پولیس فورس کو متعین کیا جارہا ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ جاریہ سال گنیش مورتیاں نصب کرنے کیلئے 12500 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 15000 ہزار پولیس فورس کو مرکزی جلوس کیلئے متعین کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر گنیش پنڈال کو ایک پولیس کانسٹبل تعینات کیا گیا ہے تاکہ گنیش تہوار کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ریاپڈ ایکشن فورس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس کو بھی متعین کیا جارہا ہے اور مختلف اضلاع سے 3000 پولیس ملازمین کو ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے 57 فیٹ قد کی گنیش مورتی جو خیریت آباد میں نصب کی گئی ہے پہونچکر وہاں کے سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ گنیش وسرجن /23 ستمبر کو مقرر ہے ۔ پرانے شہر میں بھی سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں اور حساس و انتہائی حساس علاقوں میں پولیس اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔